ساتھی کھلاڑی میں کورونا کی تصدیق، کرسٹیانو رونالڈو نے خود کو قرنطینہ کرلیا

اپ ڈیٹ 15 مارچ 2020
کرسٹیانو رونالڈو کا شمار پرتگال کے مشہور فٹبالر کے طور پر ہوتا ہے — فوٹو: فائل
کرسٹیانو رونالڈو کا شمار پرتگال کے مشہور فٹبالر کے طور پر ہوتا ہے — فوٹو: فائل

پرتگال سے تعلق رکھنے والے دنیا کے مشہور فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ساتھی کھلاڑی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد اس وائرس کے خوف سے خود کو قرنطینہ میں منتقل کرلیا۔

نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے 3 روز قبل اٹلی کے شہر تورینو میں لیگ کا آخری میچ کھیلا، جس کے بعد ان کے ساتھی کھلاڑی ڈینیئل رگانی میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی۔

کرسٹیانو رونالڈو اور ان کے ساتھیوں نے خالی اسٹیڈیم میں بغیر شائقین کے میچ کھیلا تھا۔

مزید پڑھیں: آرسنل کلب کے ہیڈ کوچ بھی کورونا وائرس سے متاثر

بعدازاں میچ جیتنے کے بعد ان تمام کھلاڑیوں نے اکٹھے تصاویر بھی بنوائیں جس کے چند روز بعد ہی ڈینیئل رگانی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔

یہ خبر اس وقت سامنے آئی جب کرسٹیانو رونالڈو اپنی بیمار والدہ سے ملنے پرتگال میں موجود تھے، جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ میں منتقل کردیا۔

کھلاڑی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اس وقت تک پرتگال میں قرنطینہ میں رہیں گے جب تک انہیں اس بات کا یقین نہیں ہوجاتا کہ واپس جانے کا فیصلہ ان کی اور دوسروں کی صحت کے لیے مثبت ہوگا۔

خیال رہے کہ اٹلی میں کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 189 افراد کے مزید ہلاک ہونے کے بعد وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار 16 ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کا مذاق بنانے والے باسکٹ بال کھلاڑی میں وائرس کی تصدیق

کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے یورپی ملک میں کیسز کی تعداد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 21.7 فیصد اضافہ ہوا جو مجموعی طور پر 15 ہزار 113 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ اٹلی کے کم سے کم 5 فٹ بالر بھی کورونا سے متاثر ہوئے جب کہ وہاں پورے ملک میں لاک ڈاؤن کرکے تمام کھیلوں اور تقریبات کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔

اٹلی کے بعد دیگر یورپی ممالک نے بھی کھیلوں کو منسوخ کردیا جب کہ یورپین فٹ بال پریمیئر لیگ کے میچز کو بھی منسوخ کردیا گیا تھا جس کے بعد آرسنل کلب سمیت دیگر فٹ بال کلبز نے بھی احتیاطی تدابیر کے پیش نظر اپنے تربیتی کیمپ منسوخ کردیے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں