علی ظفر کے کورونا وائرس پر بنائے گانے سے شائقین ناراض

اپ ڈیٹ 16 مارچ 2020
علی ظفر نے یہ گانا سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کیا — فوٹو: انسٹاگرام
علی ظفر نے یہ گانا سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کیا — فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کے نامور اداکار و گلوکار علی ظفر نے رواں ماہ یکم مارچ کو پاکستان سپر لیگ کے لیے ایک گانا جاری کرتے ہوئے واقعی 'میلہ لوٹ لیا' تھا جس کے بعد گزشتہ روز انہوں نے کورونا وائرس کے لیے بھی ایک گانا جاری کیا۔

علی ظفر نے ماضی کے مشہور گانے 'کو کو کورینا' کو تبدیل کرتے ہوئے 'کو کو کورونا' گانا تیار کیا جس کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی۔

گانے کا آغاز کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ 'اس وقت تمام انسانیت ایک بہت بڑے بحران سے گزر رہی ہے، جس سے ہم سب کو مل کر لڑنا ہے اور کیسے لڑیں گے یہ آپ کو بھائی بتائے گا'۔

اس گانے کے بول کچھ یوں تھے: 'میرے خیالوں پہ چھایا ہے ایک وائرس متوالہ سا، اوپر سے شرمیلا سا اندر شیطان کا سالہ سا، رہتا ہے وہ پاس کہیں، سن لو یہ بکواس نہیں، کوکو کورونا، ہاتھوں کو دھونا'۔

گانے میں انہوں نے مداحوں کو پیغام دیا کہ وہ لوگوں سے ہاتھ ملانے سے گریز کریں جبکہ بھیڑ میں جانے کے بجائے گھر میں رہنے کو ترجیح دیں۔

خیال رہے کہ دسمبر 2019 میں چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والا کووڈ 19 (نوول کورونا وائرس) دنیا کے تقریباً 156 ممالک تک پھیل چکا ہے اور اس سے دنیا بھر میں ایک لاکھ 56 ہزار 400 سے زائد افراد متاثر ہوئے۔

مزید پڑھیں: نئے کورونا وائرس کی عام علامات سے واقف ہیں؟

اس عالمی وبا کے باعث اب تک کم از کم 6 ہزار 513 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جن میں سب سے زیادہ 3 ہزار 99 اموات چین کے صوبے ہوبے میں ہوئیں۔

پاکستان میں بھی کورونا کیسز کی تعداد کم از کم 94 ہوگئی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ موجودہ حالات کے تناظر میں علی ظفر کا یہ گانا شائقین کا دل جیتنے میں کچھ حد تک شاید ناکام ہوگیا۔

جہاں شائقین کورونا وائرس کے خوف میں مبتلا ہیں وہیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے علی ظفر کو ایسا گانا تیار کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

انہوں نے لکھا کہ 'زندگی صحیح چل رہی تھی کہ پھر میں نے علی ظفر کا نیا گانا سنا، یہ اتنا عجیب ہے کہ اب میں کسی کو الزام دے سکتی ہوں کہ صبح اٹھ کر مجھے الٹی کیوں آتی ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'کیا کوئی انٹرنیٹ پر علی ظفر پر پابندی عائد کروا سکتا ہے؟'

ان کے مطابق 'علی ظفر 2020 کی عجیب شخصیات بن چکے ہیں'۔

انہوں نے لکھا کہ 'کاش علی ظفر 2011 میں اپنا البم جھوم ریلیز کرنے کے بعد گلوکاری چھوڑ دیتے'۔

صارف نے میم کے ذریعے علی ظفر کا مذاق بھی اڑایا۔

ان کے مطابق 'علی ظفر لوگوں کو خود سے نفرت کرنے پر مجبور کررہے ہیں، آخر کون ایک وائرس پر گانا بناتا ہے؟'

جہاں لوگوں نے اس گانے پر علی ظفر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا وہیں کچھ لوگ ایسے بھی تھے جنہیں ان کا یہ گانا پسند بھی آیا۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے علی ظفر کے اس گانے کو 'زبردست' قرار دیا۔

اینکر پرسن اقرار الحسن نے بھی اس گانے کی تعریف کی اور لکھا کہ اسے زیادہ سے زیادہ شیئر کرنا چاہیے۔

آپ کو علی ظفر کا یہ گانا کیسا لگا؟ کمنٹس میں ضرور بتائیں۔

تبصرے (5) بند ہیں

خالد احمد Mar 16, 2020 12:50pm
مجھے علی ظفر کا کوکوکورونا بہت مناسب لگا یہ اس وقت کی ضرورت بھی ہے جسے بھائی نے محسوس کیا اور سماجی خدمت کا فرض نبھایا۔۔۔۔ان پر تنقید کرنے والے برگر اتنے خوف زدہ ہیں کہ ان سے ایک گانا بھی برداشت نہیں ہوسکا۔ان سے اتنا ہی کہوں گا کہ ہاتھ۔۔۔۔۔منہ دھو لو
Munir Ahmad Mar 16, 2020 02:10pm
Nice way of convincing people specially young generation in a lighter mood to take precautionary measures to fight against virus. Well done Ali Zafar.
انعام Mar 16, 2020 02:59pm
یہ ایک اچھا گانا تھا۔ بعض لوگوں کو کسی نہ کسی پر غصہ ہونے کیلئے کوئی نہ کوئی بہانا چاہئے ہوتا ہے۔
apkadoust Mar 16, 2020 06:59pm
I think it is a great way of communicating about the precautions one should be taking to prevent the spread of this Virus.
Mahmood Ahmad Mar 16, 2020 09:54pm
Love it