• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:57pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 4:29pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 4:35pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:57pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 4:29pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 4:35pm

چاروں صوبوں میں کورونا کے مزید 55 کیسز، ملک میں متاثرین کی تعداد 237 ہوگئی

شائع March 17, 2020 اپ ڈیٹ March 18, 2020
ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 236 ہوگئی — فوٹو: اے ایف پی
ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 236 ہوگئی — فوٹو: اے ایف پی

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے صوبہ سندھ میں مزید 22، پنجاب میں 26 اور بلوچستان میں مزید 6 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 237 ہوگئی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹوئٹ میں صوبے میں اب تک کورونا وائرس کے 26 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہم تمام مشتبہ مریضوں، ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ میں موجود 736 زائرین اور تفتان سے آنے والے مزید ایک ہزار 276 زائرین کے ٹیسٹ کریں گے۔

قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں 8 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کی تھی اور بتایا کہ ان افراد کو بہتر علاج فراہم کیا جارہا ہے۔

اس سے قبل پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور میں پریس کانفرنس میں 6 افراد میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی تھی۔

مزید پڑھیں: ’عالمی برادری پاکستان جیسے غریب ممالک کے قرضے معاف کرنے پر غور کرے‘

انہوں نے کہا تھا کہ پہلے فیز میں ایران سے پنجاب پہنچنے والے 42 زائرین کے ٹیسٹ کیے گئے تھے جس میں 5 مثبت آئے۔

سندھ میں مزید 22 کیسز رپورٹ

علاوہ ازیں سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 22 کیسز کی تصدیق ہوگئی۔

اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ کی میڈیا کوآرڈینیٹر میران یوسف نے بتایا کہ صوبے میں کوروناوائرس کیسز کی تعداد 172 تک پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ متاثرین میں 134 افراد کو وہیں جو تفتان سے سکھر آئے جبکہ 37 کیس کراچی اور ایک حیدرآباد میں ہے۔

ساتھ ہی سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بھی ٹوئٹ میں بتایا کہ صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 172 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے 2 صحتیاب ہوچکے ہیں۔

اس سے قبل یہ بتایا گیا تھا کہ 17 مارچ کی صبح 5 مزید کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 155 تک پہنچ گئی تھی جبکہ ملک میں مجموعی طور پر 193 لوگ وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

اس حوالے سے سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے ایک ٹوئٹ کی اور بتایا کہ 17 مارچ کو صبح 11 بجے تک سندھ میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 155 ہوگئی ہے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں سندھ کی تعداد کو 36 لکھا جس میں سے 2 صحت یاب جبکہ 34 زیر علاج بتائے گئے جبکہ سکھر آنے والے زائرین کے ٹیسٹ کا انہوں نے الگ سے بتایا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس سے تحفظ پر پھیلنے والے ابہام اور ان کی حقیقت

مرتضیٰ وہاب نے لکھا کہ سکھر آنے والے زائرین میں سے 234 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جس میں 115 منفی اور 119 مثبت آئے ہیں، جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 155 ہوگئی۔

بلوچستان میں مزید 6 کیسز کی تصدیق

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہا کہ کوئٹہ میں کورونا وائرس کے مزید 6 کیس سامنے آگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 16 ہوگئی ہے اور متاثرہ افراد شیخ زید ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں زیر علاج ہیں۔

خیبر پختونخوا میں ایک اور کیس سامنے آگیا

خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔

صوبائی وزیر صحت تیمور خان جھگڑا نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'ایبٹ آباد سے ایک مثبت کیس کی خبر ملی ہے اور متاثرہ شخص برطانیہ سے پاکستان آیا تھا۔'

انہوں نے کہا کہ 'متاثرہ شخص میں وائرس کی کوئی علامت نہیں پائی گئی تھی اس لیے وہ گھر میں قرنطینہ میں تھے۔'

پاکستان میں کورونا وائرس

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا۔

  • 26 فروری کو ہی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مجموعی طور پر 2 کیسز کی تصدیق کی۔

  • 29 فروری کو ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مزید 2 کیسز کی تصدیق کی، جس سے اس وقت تعداد 4 ہوگئی تھی، 3 مارچ کو معاون خصوصی نے کورونا کے پانچویں کیس کی تصدیق کی۔

  • 6 مارچ کو کراچی میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا، جس سے تعداد 6 ہوئی۔

  • 8 مارچ کو شہر قائد میں ہی ایک اور کورونا وائرس کا کیس سامنے آیا۔

  • 9 مارچ کو ملک میں ایک ہی وقت میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے 9 کیسز کی تصدیق کی گئی تھی۔

  • 10 مارچ کو ملک میں کورونا وائرس کے 3 کیسز سامنے آئے تھے جن میں سے دو کا تعلق صوبہ سندھ اور ایک کا بلوچستان سے تھا، جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 19 جبکہ سندھ میں تعداد 15 ہوگئی تھی۔

بعد ازاں سندھ حکومت کی جانب سے یہ تصحیح کی گئی تھی 'غلط فہمی' کے باعث ایک مریض کا 2 مرتبہ اندراج ہونے کے باعث غلطی سے تعداد 15 بتائی گئی تھی تاہم اصل تعداد 14 ہے، اس تصحیح کے بعد ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 10 مارچ تک 18 ریکارڈ کی گئی۔

  • 11 مارچ کو اسکردو میں ایک 14 سالہ لڑکے میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد مجموعی تعداد 19 تک پہنچی تھی۔

  • 12 مارچ کو گلگت بلتستان کے ضلع اسکردو میں ہی ایک اور کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد ملک میں کورونا کے کیسز کی تعداد 20 تک جاپہنچی تھی۔

  • 13 مارچ کو اسلام آباد سے کراچی آنے والے 52 سالہ شخص میں کورونا کی تصدیق کے بعد تعداد 21 ہوئی تھی، بعدازاں اسی روز ڈاکٹر ظفر مرزا نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران تفتان میں مزید 7 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ پاکستان میں مجموعی طور پر کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 28 ہوگئی۔

  • 14 مارچ کو سندھ و بلوچستان میں 2، 2 نئے کیسز کے علاوہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 33 ہوگئی۔

  • 15 مارچ کو اسلام آباد اور لاہور میں ایک ایک، کراچی میں 5، سکھر میں 13 کیسز سامنے آئے جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی تعداد کیسز کی تعداد 53 ہوگئی تھی۔

  • 16 مارچ کو ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اچانک بہت تیزی سے اضافہ ہوا تھا اور سندھ میں تعداد 35 سے بڑھ کر 150 جبکہ خیبرپختونخوا میں نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ملک میں مجموعی تعداد 184 تک جا پہنچی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 10 ستمبر 2024
کارٹون : 9 ستمبر 2024