• KHI: Maghrib 6:07pm Isha 7:23pm
  • LHR: Maghrib 5:33pm Isha 6:53pm
  • ISB: Maghrib 5:36pm Isha 6:59pm
  • KHI: Maghrib 6:07pm Isha 7:23pm
  • LHR: Maghrib 5:33pm Isha 6:53pm
  • ISB: Maghrib 5:36pm Isha 6:59pm

سندھ میں سول انتظامیہ کی مدد کیلئے فوج طلب کرنے کی درخواست

شائع March 22, 2020
—فائل/فوٹو:ڈان
—فائل/فوٹو:ڈان

سندھ میں کووڈ-19 (کورونا وائرس) کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر صورت حال کو قابو رکھنے کے لیے فوج کو طلب کرنے کی منظوری کے لیے وفاقی وزارت داخلہ کو درخواست کردی گئی جو سول انتظامیہ کی مدد کرے گی۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے وفاقی وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط کے مطابق ‘صوبے میں کووڈ-19 سے مخدوش ہوتی صورت حال کے پیش نظر صوبہ سندھ کو سول اختیارات میں مدد کے لیے آئین کی دفعہ 245 کے تحت مسلح افواج کی خدمات کی ضرورت ہے’۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ‘متعلقہ حکام سے رابطے اور جائزے کے بعد ضروریات کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا’۔

مزید پڑھیں:اب مشکل فیصلے کرنے کا وقت آگیا ہے، ترجمان سندھ حکومت

وفاقی وزارت داخلہ سے کہا گیا ہے کہ ‘اسی لیے صوبہ سندھ میں سول اختیارات میں مدد کے لیے فوج بلانے کی منظوری دینے کے لیے درخواست کی گئی ہے’۔

قبل ازیں ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہ 'وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سے لوگوں کے گھروں میں رہنے کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے تبادلہ خیال کیا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'سندھ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اس عرصے میں کریانے اور میڈیکل کی دکانیں کھلی رہیں'.

خیال رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کو ملک میں کورونا وائرس کے خلاف اقدامات میں سول انتظامیہ کی امداد تیز کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزید پڑھیں:کورونا وائرس: آرمی چیف کا پاک فوج کو سول انتظامیہ کی امداد تیز کرنے کا حکم

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس اور آرمی چیف سے ملاقات کے بعد جنرل قمر جاوید باجودہ نے امداد تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ انفرادی طور پر کورونا وائرس سے اپنا بچاؤ کرنا درحقیقت اجتماعی حفاظت کی بنیاد ہے اورہر انفرادی حفاظتی قدم اہمیت کا حامل ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پہلے انفرادی طور پر ایک ذمہ دار شہری بننا ہے تاکہ اجتماعی سطح پر حکومتی اور اداروں کی کوششیں کامیاب ہو سکیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کو لاک ڈاؤن کرنا ہوگا، تاخیر سے مزید مشکلات ہوں گی، بلاول بھٹو

انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ حکومت اور محکمہ صحت کی کورونا وائرس کے حوالے سے ہدایات پر عمل کرے کیونکہ ایسا کرنے سے ہی قومی کوششیں کامیاب ہوں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم کورونا وائرس سے قوم کی حفاظت کے عمل کو مقدس فریضے کے طور پر انجام دیں گے اورانفرادی نظم و ضبط اور باہمی تعاون تمام اداروں کی کوششوں کو یکجا کرے گا جبکہ اس میں ہی قومی کامیابی ہوگی۔

واضح رہے کہ ملک میں آج (بروز ہفتہ) تصدیق ہونے والے کیسز میں صوبہ سندھ سے 39، پنجاب سے 56، بلوچستان سے 12، خیبرپختونخوا سے 8 جبکہ گلگت بلستان سے 34 نئے کیسز شامل ہیں۔

اس طرح اگر ملک بھر میں متاثرین کی تعداد پر نظر ڈالیں تو اب تک یہ 645 ہوگئی ہے، جس میں سندھ کے 292، پنجاب کے 152، بلوچستان کے 104، خیبرپختونخوا کے 31، اسلام آباد کے 10، گلگت بلتستان میں 55 اور آزاد کشمیر کا ایک کیس شامل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 13 اکتوبر 2024
کارٹون : 12 اکتوبر 2024