کورونا وائرس: علما کو لوگوں کو آگاہ کرنے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا، صدر مملکت

ملاقات میں مصافحہ کرنے سے گریز کیا گیا—فوٹو: حکومت پاکستان
ملاقات میں مصافحہ کرنے سے گریز کیا گیا—فوٹو: حکومت پاکستان

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری اور چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے ملاقات کی اور کورونا وائرس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ علما کو کورونا وائرس کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنے اور انہیں احتیاطی تدابیر اپنانے پر راغب کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

صدر مملکت سے دونوں مذہبی شخصیات نے ملاقات کی—فوٹو: حکومت پاکستان
صدر مملکت سے دونوں مذہبی شخصیات نے ملاقات کی—فوٹو: حکومت پاکستان

صدر مملکت کا یہ کہنا تھا کہ اس بحران سے نمٹنے کا واحد حل احتیاط برتنا ہے لہٰذا ہر شہری سماجی فاصلہ اور صفائی کا خیال رکھے۔

مصافحہ اور معانقہ کرنے سے گریز کریں، وزیر مذہبی امور

علاوہ ازیں وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کا کورونا وائرس کے پیشِ نظر ریلیف پیکج کا اعلان

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ملک کے لوگوں سے گزارش کی کہ اللہ کا حکم ہے کہ خود کو ہلاکت میں نہیں ڈالیں، اس لیے ہمیں احتیاط پر عمل کرنا چاہیے اور گھروں میں محدود رہنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے اور ضروری کام کے بغیر باہر نہ نکلا جائے۔

حضرت محمد ﷺ کی حدیث پاک کا حوالہ دیتے ہوئے نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ 'جو بندہ طاعون کی بیماری میں گھر میں رہے اور اللہ تعالیٰ سے اس کا اجر طلب کرے اور یہ یقین رکھے کہ اللہ کے حکم کے بغیر مجھے کوئی تکلیف پہنچنے والی نہیں تو اگر وہ زندہ بھی رہے تو شہید کا درجہ پائے گا اور اگر موت بھی آجائے تو شہید کی موت ہوگی'۔

انہوں نے عوام سے گھروں میں محدود رہنے کی گزارش کی اور کہا کہ مصافحہ اور معانقہ کرنے سے گریز کریں کیونکہ یہ آپ کا، انسانیت اور مسلمانوں کا فائدہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: پنجاب، سندھ، گلگت میں مزید کیسز، ملک میں 916 متاثرین ہوگئے

خیال رہے کہ ملک میں بڑھتے کورونا وائرس کے باعث احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا گیا ہے اور اس سلسلے میں مصافحہ کرنے اور بغل گیر ہونے سے منع کیا گیا ہے۔

اس وقت اگر ملک میں مجموعی کیسز کی بات کی جائے تو متاثرہ افراد کی تعداد 916 ہوگئی ہے جبکہ اب تک 7 افراد اس وائرس سے انتقال کرچکے ہیں۔

اس عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے چاروں صوبوں، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں سول انتظامیہ کی مدد کیلئے فوج تعینات کردی گئی ہے جبکہ صوبوں اور دیگر علاقوں کی جانب سے اپنی حدود میں لاک ڈاؤن اور مختلف طرح کی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں