وزیراعظم عمران خان کا وائرس کے خلاف جنگ میں عالمی تعاون پر زور

اپ ڈیٹ 29 مارچ 2020
انہوں نے مزید کہا کہ مہلک وائرس نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے —فوٹو: ڈان نیوز
انہوں نے مزید کہا کہ مہلک وائرس نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے —فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس سے متاثرہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن اور پرنس چارلس کی جلد صحتیابی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے وائرس کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی تعاون پر زور دیا ہے.

وزیر اعظم نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ میں پرنس چارلیس اور بورس جانس کی جلد صحتیابی، اچھی صحت اور لمبی زندگی کی خواہش کا اطہار کیا۔

مزید پڑھیں:کورونا وائرس: ملک میں فوجی دستوں کی تعیناتی مکمل ہوگئی، آئی ایس پی آر

انہوں نے مزید کہا کہ مہلک وائرس نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے اور ہمیں اس کا مقابلہ کرنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر مربوط روابط کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقدہ غیر معمولی جی 20 سمٹ میں شرکت کے فورا بعد وزیر اعظم بورس جانسن کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔

علاوہ ازیں پرنس چارلس نے 25 مارچ کو انکشاف کیا تھا کہ وہ کورونا وائرس سے متاثرہ ہیں اور دونوں برطانوی رہنماؤں نے وائرس کی تصدیق کے بعد خود کو قرنطینہ میں منتقل کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: پنجاب میں کیسز 500 سے متجاوز، ملک میں تعداد 1500 ہوگئی

وزیراعظم بورس جانسن گھر سے کام کررہے ہیں جبکہ پرنس چارلس اسکاٹ لینڈ کے شاہی گھر میں قرنطینہ میں ہین۔

خیال رہے کہ برطانیہ میں اس وقت کورونا وائرس کے 17 ہزار سے زائد مصدقہ کیسز ہیں جبکہ اس وبا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔

اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانوی سیکریٹری برائے امور خارجہ اور دولت مشترکہ امور جیریمی ہنٹ سے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی عالمی صورتحال اور اس وبا سے نمٹنے کے لیے دوطرفہ تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: ترقی پذیر ممالک کیلئے بھاری فنڈنگ درکار ہے، آئی ایم ایف

شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ جموں اور کشمیر میں مواصلات کی بندش پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

علاوہ ازیں انہوں نے ایران کے خلاف پابندیاں ختم کرنے کی ضرورت کا بھی اعادہ کیا تھا۔

وزیر خارجہ نے زور دیا تھا کہ ایران میں قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کے لیے اسے اپنے وسائل بروئے کار لانے دیا جائے۔

شاہ محمود قریشی نے ترقی پذیر ممالک خصوصاً پاکستان کے لیے قرضوں سے نجات پر زور دیا تھا تاکہ متاثرہ ممالک وبائی امراض کا مقابلہ کرنے اور اپنے معاشی بحران کو کم کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ وسائل وقف کرنے کے قابل ہوسکیں۔

جیریمی ہنٹ نے اتفاق کیا تھا کہ وبائی امراض کا مقابلہ کرنے کے لیے عالمی تعاون بڑھانا ضروری ہے۔


یہ خبر 29 مارچ 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں