متنازع بیان پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی حفیظ کو تنبیہ

اپ ڈیٹ 07 اپريل 2020
محمد حفیظ نے شرجیل خان کے حوالے سے متنازع بیان جاری کیا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی
محمد حفیظ نے شرجیل خان کے حوالے سے متنازع بیان جاری کیا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے متنازع بیان دینے پر سینئر کرکٹر محمد حفیظ کو بیان جاری نہ کرنے کی تنبیہ کرتے ہوئے معاملہ ختم کردیا۔

تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ نے گزشتہ دنوں اپنے ایک انٹرویو میں اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ اوپننگ بلے باز شرجیل خان کے حوالے سے متنازع بیان جاری کیا تھا۔

مزید پڑھیں: اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل، شرجیل خان پر 5 سال کی پابندی عائد

محمد حفیظ نے شرجیل خان کی قومی ٹیم میں ممکنہ واپسی پر بورڈ اور کھلاڑیوں دونوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ کیا اب عزت اور وقار پاکستان کرکٹ بورڈ میں کوئی معنی نہیں رکھتا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینئر کرکٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اس بیان پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

پی سی بی میں موجود ذرائع کے مطابق بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر وسیم خان نے محمد حفیظ کو فون کر کے اس معاملے پر وضاحت طلب کی۔

باوثوق ذرائع نے بورڈ کو بتایا کہ وسیم خان نے حفیظ کو کہا کہ وہ پالیسی معاملات پر میڈیا یا سوشل میڈیا پر گفتگو نہیں کر سکتے اور آئندہ اس سلسلے میں احتیاط کریں۔

یہ بھی پڑھیں: شرجیل خان کی پی سی بی سے معذرت، کرکٹ میں واپسی پر اتفاق

حفیظ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کے بعد معاملے کو ختم کردیا گیا۔

حفیظ نے گزشتہ دنوں نجی ٹی وی سے بھی گفتگو میں کہا تھا کہ جو کھلاڑی بھی جان بوجھ کر پاکستان کا نام خراب کرے اسے دوبارہ کبھی بھی پاکستان کے لیے کھیلنے کا موقع نہیں ملنا چاہیے۔

2017 میں منعقد پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے افتتاحی میچ کے بعد پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر اوپننگ بلے باز شرجیل خان پر 5 سال کی پابندی عائد کردی گئی تھی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے سبب غیر یقینی کی صورتحال کے پیش نظر قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے حوالے سے بھی رائے مانگ لی ہے اور انگلش بورڈ کے جواب کا منتظر ہے۔

مزید پڑھیں: پی سی بی نے شرجیل خان کو بحالی پروگرام کیلئے طلب کر لیا

ذرائع نے ڈان نیوز بتایا کہ پی سی بی ناصرف انگلش کرکٹ بورڈ کے جواب کا انتظار کرے گا بلکہ نیدرلینڈز اور آئرلینڈ کے کرکٹ بورڈز کے بھی اس سلسلے میں جواب کا انتظار کیا جائے گا۔

بورڈ کے ذرائع کے مطابق ابھی پاکستان کے دورہ انگلینڈ میں وقت باقی ہے لہٰذا اس سلسلے میں صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے رواں سال آئرلینڈ اور نیدرلینڈز کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کا بھی دورہ کرنا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں