’40 ہزار پاکستانی تاحال مختلف ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں‘

اپ ڈیٹ 15 اپريل 2020
انہوں نے بتایا کہ تبلیغی جماعت سے وابستہ 2 ہزار 248 پاکستانیوں بیرون ملک پھنسے ہوئے ہیں—فائل فوٹو: اسکرین شارٹ
انہوں نے بتایا کہ تبلیغی جماعت سے وابستہ 2 ہزار 248 پاکستانیوں بیرون ملک پھنسے ہوئے ہیں—فائل فوٹو: اسکرین شارٹ

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پارلیمانی پینل کو بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اس وقت کم از کم 40 ہزار پاکستانی مختلف ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ کے بیرون ملک اپنے مشنز کے ذریعے جمع کردہ اعداد و شمار کے مطابق پھنسے پاکستانیوں کی کل تعداد 39 ہزار 748 تھی ان میں سے اکثریت مشرق وسطی میں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تبلیغی جماعت سے وابستہ 2 ہزار 248 پاکستانی بیرون ملک پھنسے ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں: تھائی لینڈ میں پھنسے پاکستانی اداکاروں کی حکومت نے سن لی

کورونا وائرس سے متعلق قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت نے پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے خصوصی پروازوں کا انتظام کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں پہلے قرنطینہ سینٹر میں رکھا گیا اور پھر طبی ٹیسٹوں کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت تمام پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعے واپس لانے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ خصوصی پروازوں کا اگلا مرحلہ آج (14 اپریل) کو شروع ہوگا جس میں 9 پروازیں 2 ہزار افراد کو وطن واپس لائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ پروازیں لاہور، کراچی، ملتان، پشاور اور فیصل آباد پہنچیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: بیرون ملک پھنسے 4 ہزار پاکستانیوں کو 19 اپریل تک وطن واپس لانے کا اعلان

خصوصی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے کنوینر اور وزیر برائے سیفران شہریار خان آفریدی نے اجلاس میں مذکورہ کام سے متعلق ایک رپورٹ پیش کی۔

انہوں نے بتایا کہ تبلیغی جماعت اور زائرین کے نمائندوں کو جہاز میں لے جایا گیا اور ان کے تصدیق شدہ ڈیٹا اکٹھے کیے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں اور وزارت خارجہ امور (ایم او ایف اے) کے ساتھ رجسٹرڈ اور عمان اور متحدہ عرب امارات کے ذریعے رہا کیے جانے والے قیدیوں کے اعداد و شمار بھی ایم او ایف اے سے حاصل کیے گئے ہیں۔

شہریار آفریدی نے بتایا کہ تبلیغی جماعت سے موصول اعدادوشمار کے مطابق پاکستان اور بیرون ملک پھنسے ہوئے جماعت اسلامی کے کل شرکا کی تعداد بالترتیب 2 ہزار 54 اور 16 ہزار 900 ہے۔

علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ ایران میں 275 زائرین اور پاکستان کے قرنطینہ سینٹر میں 727 پھنسے ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں: سندھ: کورونا وائرس کے مریضوں میں 68.3 فیصد مرد ہیں، وزیراعلیٰ

وزیر سیفران نے بتایا کہ ایک ہزار 326 زائرین اپنی منزل مقصود واپس پہنچ گئے جبکہ 36 ہزار پاکستانی دبئی، قطر اور عمان میں پھنسے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ذیلی کمیٹی متعلقہ حلقوں سے رابطے میں ہے۔

کمیٹی کی ابتدائی ہدایات پر فالو اپ رپورٹ پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے سیکریٹری برائے داخلہ نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ وزارت داخلہ نے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ کورونا وائرس کے منفی نتائج والوں کے لیے لاجسٹک انتظامات کریں تاکہ انہیں بحفاظت واپس لے جایا جاسکے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں