کورونا وائرس: لکس اسٹائل ایوارڈز بھی منسوخ

اپ ڈیٹ 20 اپريل 2020
لکس اسٹائل ایوارڈز — فوٹو : فائل
لکس اسٹائل ایوارڈز — فوٹو : فائل

عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث جہاں دنیا بھر میں تقریباً تمام بڑے اجتماعات منسوخ کیے جارہے ہیں وہیں پاکستان کے نامور ایوارڈز لکس کی تقریب بھی رواں سال منعقد نہیں کی جائے گی۔

لکس اسٹائل ایوارڈ کے منتظمین نے اعلان کیا کہ رواں سال ایوارڈ تقریب منعقد نہیں کی جائے گی جبکہ اس سال کی تقریب کا پورا بجٹ اخوت نامی فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر فیشن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ان افراد پر خرچ کیا جائے گا جو کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔

مزید پڑھیں: ’کورونا وائرس‘ کا خوف ’آئیفا ایوارڈ‘ کی تقریب منسوخ

یونی لیور پاکستان کی بیوٹی اینڈ پرسنل کیئر ڈائریکٹر عاصمہ حق کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ گزشتہ کئی سالوں میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے مل کر لکس کو پاکستان کی سب سے بڑی ایوارڈز تقریب بنانے میں مدد کی اور اب اس مشکل وقت میں ہم اس ہی انڈسٹری کے ان افراد کو سپورٹ کرنا چاہتے ہیں جو کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔

منتظمین کے مطابق جہاں رواں سال لکس اسٹائل ایوارڈز کی 19ویں تقریب منعقد نہیں کی جاسکے گی، وہیں ہم ایوارڈز جیتنے والوں کو ایوارڈز دینے کا کوئی بہترین راستہ تلاش کریں گے۔

لکس اسٹائل ایوارڈز، فوٹو: فائل
لکس اسٹائل ایوارڈز، فوٹو: فائل

لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب 2002 سے منعقد کی جارہی ہے، اس تقریب کے دوران ستاروں کے انداز پر انہیں ایوارڈز دیے جاتے اور سراہا جاتا ہے۔

اب تک لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب کراچی، لاہور، کوالا لمپور اور دبئی میں منعقد کی جاچکی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے اور مزید کیسز اور اموات کے بعد اب تک متاثرین کی تعداد 8 ہزار 648 جبکہ اموات 181 تک پہنچ گئیں۔

ملک میں گزشتہ روز کورونا وائرس سے اموات کا مہلک ترین دن ثاب ہوا اور ایک روز میں 20 اموات ریکارڈ کی گئیں۔

اگرچہ 26 فروری کو پہلے کیس کے سامنے آنے کے بعد سے 31 مارچ تک اس عالمی وبا کا پھیلاؤ کافی حد تک کم تھا تاہم اپریل کے مہینے میں اس وبا کے کیسز میں دوگنا اضافہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: طبی عملے کی مدد کیلئے ایوارڈ یافتہ فلم ساز کی ہسپتال میں ملازمت

یکم اپریل سے گزشتہ روز 19 اپریل تک 6 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 142 افراد اس دوران زندگی کی بازی ہار گئے۔

اس عالمی وبا کو روکنے کے لیے جہاں ملک کے مختلف حصوں میں پابندیاں اور لاک ڈاؤن نافذ ہے تاہم روز بروز کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔

آج (20 اپریل) کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے مزید کیسز اور اموات رپورٹ ہوئیں۔

تبصرے (0) بند ہیں