• KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:20am Sunrise 5:43am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:47am
  • KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:20am Sunrise 5:43am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:47am

ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی میں کورونا وائرس کی تشخیص

شائع April 21, 2020
وزیراعظم عمران خان سے فیصل ایدھی نے ملاقات کی 
 تھی—فائل فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر
وزیراعظم عمران خان سے فیصل ایدھی نے ملاقات کی تھی—فائل فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر

دنیا کے معروف سماجی رہنما مرحوم عبدالستار ایدھی اور ملک کی بڑی فلاحی تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ فیصل ایدھی اس وقت اسلام آباد میں موجود ہیں جبکہ ان کے ٹیسٹ کی جو رپورٹ سامنے آئی وہ بھی اسلام آباد کے ہسپتال کی ہی ہے۔

ادھر فیصل ایدھی کے اہل خانہ نے ڈان کو تصدیق کی کہ فیصل ایدھی کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں۔

فیصل ایدھی کے صاحبزادے سعد ایدھی نے ڈان کو بتایا کہ اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے ایک روز بعد فیصل ایدھی میں وائرس کی علامات ظاہر ہوئی تھیں۔

مزید پڑھیں: فیصل ایدھی کا ’ایئر ایمبولنس‘ سروس کے دوبارہ آغاز کا فیصلہ

انہوں نے بتایا کہ یہ علامات 4 دن تک جاری رہیں اور پھر کم ہوگئیں تاہم پیر کو ان کا اسلام آباد میں ٹیسٹ کیا گیا تھا۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ آج آنے والی رپورٹ میں ان کا ٹیسٹ مثبت آیا۔

سعد ایدھی کے مطابق ان کے والد اسلام آباد میں ہیں اور ان کی صحت بہتر ہے جبکہ وہ کسی ہسپتال میں داخل نہیں ہوئے بلکہ سیلف آئیسولیشن اختیار کرلی ہے۔

بخار اور سر درد کی شکایات ہوئی تھیں، فیصل ایدھی

دوسری جانب فیصل ایدھی نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں بخار اور سر درد کی شکایت تھی اور 3 روز تک یہ علامات رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز انہوں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا جو مثبت آیا تاہم اب ان میں کوئی علامات موجود نہیں ہیں۔

فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ انہیں ایک ہفتے تک سیلف آئیسولیشن میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے 15 اپریل کو فیصل ایدھی وزیراعظم عمران خان سے بھی ملے تھے اور انہیں ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے ایک کروڑ روپے کا چیک دیا تھا۔

سربراہ ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے وزیراعظم کو یہ چیک کورونا وائرس ریلیف فنڈ کے لیے دیا گیا تھا۔

ایدھی فاؤنڈیشن

ایدھی فاؤنڈیشن دہائیوں سے لوگوں کی خدمت میں پیش پیش ہے، خاص طور پر ایدھی فاؤنڈیشن ہمیشہ ایسے موقع پر آگے رہی ہے جب حکومتی سروسز عوام کو خدمات پہنچانے میں ناکام رہتی ہیں۔

ایدھی فاؤنڈیشن پاکستان کی سب سے بڑی ایمبولنس سروس ہی نہیں چلاتی بلکہ ایدھی فاؤنڈیشن کے زیر انتظام مختلف شیلٹر ہاؤسز، اولڈ ہومز، یتیم خانے، مردہ خانے اور دیگر فلاحی کام بھی جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: ملک میں 9216 افراد متاثر، 2066 صحتیاب

ملک میں جاری اس کورونا وائرس کی وبا کے دوران بھی ایدھی فاؤنڈیشن امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی اور انہوں نے اپنے اسٹاف کے درجنوں کارکنوں کو مشتبہ مریض کے ساتھ کس طرح پیش آنا ہے اس کی تربیت بھی فراہم کی ہے۔

خیال رہے کہ ایدھی فاؤنڈیشن کی بنیاد اس کے مرحوم بانی عبدالستار ایدھی نے رکھی تھی اور اس کے آپریشن ملک بھر میں جاری ہیں۔

سال 2016 میں عبدالستار ایدھی کے انتقال کے بعد سے فیصل ایدھی اس فاؤنڈیشن کی باگ دوڑ سنبھالے ہوئے ہیں تاہم فاؤنڈیشن کی عطیات اور فنڈز میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 7 ستمبر 2024
کارٹون : 6 ستمبر 2024