فرنٹ لائن ورکرز اپنے تحفظ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، وزیراعلیٰ سندھ

اپ ڈیٹ 25 اپريل 2020
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ—فوٹو: اسکرین شاٹ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ—فوٹو: اسکرین شاٹ

وزیراعلیٰ سندھ نے ڈاکٹرز، پولیس، رینجرز و دیگر فرنٹ لائن ورکرز سے درخواست کی ہے کہ وہ کورونا وائرس سے خود کو محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہم نے 2599 ٹیسٹ کیے جس کے بعد اب تک ٹیسٹ کی تعداد 38 ہزار 188 ہوگئی ہے۔

مراد علی شاہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کیے گئے ٹیسٹ میں سے 287 لوگوں کے نتائج مثبت آئے ہیں، اس طرح اب تک سندھ میں مجموعی متاثرین کی تعداد 4232 ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ 4232 افراد میں سے 802 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 30 افراد صحتیاب ہوئے۔

اموات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 3 افراد کا انتقال ہوا ہے اور یہ تعداد 78 ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: ملک میں 12 ہزار سے زائد افراد متاثر، اموات 250 سے متجاوز

صوبے میں کیسز سے متعلق انہوں نے بتایا کہ کراچی کے سارے اضلاع متاثر ہیں اور ضلع جنوبی میں مزید 79 کیسز، شرقی میں 52، وسطی میں 32، غربی میں 18 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد ضلع لاڑکانہ میں 17 کیسز سامنے آئے ہیں جو ہمارے لیے باعث تشویش ہیں جبکہ حیدرآباد میں 13 اور سکھر میں مزید 12 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

ان کے بقول شکارپور میں بھی 11 نئے کیسز آئے ہیں جو کافی تشویشناک ہے، تاہم میں ان اضلاع کی انتظامیہ سے بات کرکے انہیں ہدایت دوں گا کہ کس طرح اقدامات کیے جائیں۔

اپنے پیغام میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک آگیا ہے اور یہ رحمتوں، برکتوں اور عبادت کا مہینہ ہے جبکہ اس آزمائش جس میں اللہ نے ہمیں ڈالا ہے تو ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم اس ماہ میں اللہ تعالیٰ سے رجوع کریں اور گھروں میں بیٹھ کر عبادت کریں تاکہ اللہ اس بیماری سے ہمیں نجات دلائے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں کورونا وائرس سے ایک اور ڈاکٹر کا انتقال

مزید برآں انہوں نے کہا کہ ہمارے فرنٹ لائن ورکرز جس میں ڈاکٹرز، پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے جو لوگ ہیں ان کا لوگوں سے رابطہ بہت زیادہ ہوتا ہے، لہٰذا میں ان سب سے درخواست کروں گا کہ وہ اپنا خیال کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ریونیو اسٹاف، پولیس میں بھی کچھ کیسز ملے ہیں جبکہ ڈاکٹرز تو پہلے ہی اس سے متاثر ہوئے ہیں چونکہ وہ سب سے زیادہ رابطے میں ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ان تمام لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے، ہم احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اللہ کی رضا سے اس وائرس سے نجات پائیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں