وینزویلا کی جیل میں جھگڑا، 17 قیدی ہلاک

اپ ڈیٹ 02 مئ 2020
انسانی حقوق کی تنظیموں نے جیل میں جھگڑے کے واقعے اور ہلاکتوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا— فائل فوٹو: اے ایف پی
انسانی حقوق کی تنظیموں نے جیل میں جھگڑے کے واقعے اور ہلاکتوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا— فائل فوٹو: اے ایف پی

وینزویلا کے شہر گوانارے کی جیل میں ہونے والے جھگڑے اور فساد کے نتیجے میں کم از کم 17 قیدی ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق فوجی حکام نے بتایا کہ لوس لانوس کی جیل میں نقص امن کی شکایات موصول ہوئیں جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے۔

مزید پڑھیں: برازیل کی جیل میں فسادات، 52 قیدی ہلاک

فوج نے جھگڑے کی کوئی وجہ نہیں بتائی لیکن قیدیوں کے انسانی حقوق کے گروپ نے دعویٰ کیا کہ یہ جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب جیل انتظامیہ نے قیدیوں کے اہلخانہ کو ملنے اور جیل میں کھانا لانے سے منع کردیا تھا تاکہ کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔

وینزویلا کی جیل کے نگراں ادارے کے عہدیدار کیرولینا گیرون نے بتایا کہ اہلخانہ سے ملاقات نہ ہونے کے سبب قیدی بہت مایوس تھے کیونکہ ان کے پاس کھانے اور پینے کو کچھ نہیں تھا جبکہ اکثر قیدی غذائی قلت کا شکار ہیں۔

نیشنل گارڈ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ مسلح قیدیوں نے جیل کا مرکزی دروازہ توڑنے کی کوشش کی جس پر اہلکاروں نے ان پر فائرنگ کردی البتہ بعد میں ایک اعلیٰ افسر نے ان قیدیوں سے مذاکرات کر کے انہیں منا لیا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ فوج کا ماننا ہے کہ جیل میں کئی زیادہ اموات ہوئی ہیں اور رکن پارلیمنٹ ماریا مارٹینیز نے 'اے ایف پی' سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ جیل میں کم از کم 40 افراد مارے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: کولمبیا میں کورونا کے سبب جیل میں جھگڑا، 23افراد ہلاک

مارٹینیز نے بتایا کہ قیدی مطالبہ کر رہے تھے کہ ان سے اہلخانہ کو ملاقات کی اجازت دی جائے تاکہ وہ انہیں کھانے کا سامان فراہم کر سکیں اور اس معاملے پر جیل کے مسلح اہلکاروں اور قیدیوں میں جھگڑا ہو گیا۔

رپورٹ کے مطابق زخمی ہونے والے جیل کے ڈائریکٹر بھی شامل ہیں جن کی کمر میں چوٹ آئی جبکہ ایک لیفٹیننٹ گرینیڈ حملے میں زخمی ہوئے۔

ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمیوں کا علاج جاری ہے۔

قیدیوں کی انسانی حقوق کی تنظیم 'او وی پی' نے کہا کہ جیل میں مرنے والوں کے حوالے سے سرکاری اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے اور قیدیوں کے فرار کی بات کو بہانہ قرار دیتے ہوئے حکومت سے معاملے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

مزید پڑھیں: امریکا: جیل میں جھگڑے کے دوران 7 قیدی ہلاک، متعدد زخمی

وینزویلا میں اب تک 335 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 10 افراد اس مرض کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے قیدیوں کی اپنے اہلخانہ سے ملاقات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ وینزویلا کی جیلیں اسلحے اور منشیات کی اسمگلنگ کے جرائم میں ملوث ملزمان سے بھری ہوئی ہیں اور جیل میں گنجائش سے زیادہ قیدی موجود ہیں جس کی وجہ سے اکثر پرتشدد واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں