ای سی سی نے مزدوروں، یومیہ اجرت والوں کیلئے 75 ارب روپے مختص کردیے

اپ ڈیٹ 16 مئ 2020
درخواستیں صرف احساس لیبر پورٹل کے ذریعے وصول کی جائیں گی—فائل فوٹو: اے ایف پی
درخواستیں صرف احساس لیبر پورٹل کے ذریعے وصول کی جائیں گی—فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ذریعے مزدوروں اور یومیہ اجرت کمانے والوں میں تقسیم کرنے کے لیے 75 ارب روپے مختص کردیے۔

یہ رقم وزیراعظم کی جانب سے مزدوروں اور یومیہ اجرت کمانے والوں کے لیے اعلان کردہ 2 کھرب روپے کے ریلیف پیکج کا حصہ ہے جسے اس سے قبل وزارت صنعت و پیداوار اور تجارت کے ذریعے صنعتوں اور کاروباری اداروں کو دیا جانا تھا تاکہ وہ ورکرز کو نوکریوں سے نہ نکالیں۔

ای سی سی کے اجلاس کی صدارت مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کی جس میں ان ورکرز کے لیے ہنگامی نقد معاونت کے طریقہ کار کی منظوری دی گئی جن کے روزگار عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث متاثر ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے کورونا کے باعث بیروزگار ہونے والوں کیلئے ریلیف پروگرام کا آغاز کردیا

خیال رہے کہ ادائیگی کے طریقہ کار پر محکمہ خزانہ، غربت مٹاؤ ڈویژن اور بی آئی ایس پی نے کام کیا۔

بی آئی ایس پی بورڈ نے احساس مزدور (کیٹگری 4) میں رقوم حاصل کرنے والوں کی شناخت کے لیے احساس ایمرجنسی کیش کی کیٹیگری 3 کی اہلیت کے طریقہ کار کو استعمال کرنے کی منظوری دی۔

چنانچہ تصدیق کا عمل بی آئی ایس پی کے سروے اور نادرا کے قومی رجسٹریشن ڈیٹا کے اندراج پر کیا جائے گا۔

کیٹیگری 4 میں رقوم حاصل کرنے والوں کو شامل کر کے لیے درخواستیں صرف احساس لیبر پورٹل کے ذریعے وصول کی جائیں گی۔

مزید پڑھیں: احساس کیش پروگرام میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں، وزیراعظم

اس طرح 12 ہزار روپے نقد (یکمشت معاونت) کی تقسیم بی آئی ایس پی کے ادائیگی کے موجودہ طریقہ کار کے ذریعے کی جائے گی۔

چاروں صوبے، وفاقی دارالحکومت، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر اپنی آبادی کے لحاظ سے احساس مزدور معاونت کے لیے کوٹہ مختص کریں گے۔

خیال رہے کہ 3 مئی کو وزیراعظم نے اعلان کیا تھا کہ کووِڈ 19 وبا ریلیف معاونت فنڈ 2020 کے ذریعے اکٹھی کی گئی رقوم کو مزدوروں اور یومیہ اجرت والوں کے لیے استعمال کیا جائے گا جن کا روزگار لاک ڈاؤن کی وجہ سے بہت متاثر ہوا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے یہ اعلان بھی کیا تھا کہ فنڈز احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے ذریعے ادا کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 'پولیس اور ایف آئی اے احساس کیش پروگرام کی شفافیت میں کردار ادا کررہے ہیں'

وزیراعظم نے اعلان کیا تھا کہ عطیہ کیے گئے ہر روپے پر حکومت 4 روپے فنڈ میں شامل کرے گی۔

اس ضمن میں وزارت خزانہ نے بتایا کہ وزیراعظم ریلیف پیکج میں مختص شدہ 2 کھرب روپے میں سے 75 ارب روپے ملک میں ورکرز کے درمیان تقسیم کرنے کے لیے بی آئی ایس پی کو جاری کردیے گئے ہیں اور رقم اسی مقصد کے لیے استعمال کی جائے گی۔


یہ خبر 16 مئی 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں