جنوبی امریکی ملک پیرو میں ایک دیہی ضلع کے میئر نے لاک ڈاؤن کے احکامات کی خلاف ورزی کے بعد بچنے کے لیے خود کو ایک تابوت میں چھپا لیا اور ایک لاش کی نقل کرنے لگا۔

جیمی رولانڈو اربینا ٹورس پیرو کے ضلع ٹانٹارا کے میئر ہیں اور پیر کی رات اپنے دوست کے ساتھ گھر سے باہر تھے جب پولیس اہلکار کرفیو کے نفاذ کے لیے آگئے۔

ٹائمز آف لندن کے مطابق جیسے ہی حکام وہاں پہنچے تو جیمی رولانڈو ایک کھلے تابوت میں لیٹ گئے اور کورونا وائرس سے ہلاک مریض بننے کی کوشش کی، جس دوران آنکھیں سختی سے بند تھیں جبکہ چہرے پر ماسک پہنا ہوا تھا۔

میئر کا دوست اسی کمرے کی ایک الماری میں چھپ گیا۔

پولیس اہلکاروں نے میئر کو اٹھایا اور پوچھ گچھ کے لیے اسٹیشن لے گئے مگر یہ واضح نہیں کہ ان کے خلاف کیا کارروائی ہوئی۔

بعد ازاں پولیس نے تابوت میں لیٹے میئر کی تصویر بھی جاری کی۔

مقامی میڈیا کی جانب سے وبا کو سنجیدہ نہ لینے پر میئر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور لاک ڈاؤن کے آغاز سے وہ صرف 8 دن اپنے علاقے میں رہے جبکہ حفاظتی اقدامات کا نفاذ بھی نہیں کیا۔

اس خطے میں برازیل کے بعد پیرو کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر دوسرا بڑا ملک ہے جہاں ایک لاکھ سے زائد کیسز کی تصدیق اور 3 ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

پیرو میں 16 مارچ کو لاک ڈاؤن لگایا گیا تھا مگر سماجی دوری اور گھروں میں رہنے کے احکامات پر سنجیدگی سے عمل نہیں ہوا۔

لاک ڈاؤن کے نتیجے میں لاکھوں افراد بیروزگار ہوگئے اور وہ بڑے شہروں کو چھوڑ کر اپنے آبائی علاقوں کی جانب جانے لگے، جس سے وائرس پھیلنے کی شرح بھی بڑھ گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں