پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 11روپے 88 پیسے تک کی کمی کی سفارش

اپ ڈیٹ 29 مئ 2020
اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 6 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 9 روپے 37 پیسے کمی کی سفارش کی — فائل فوٹو: اے ایف پی
اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 6 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 9 روپے 37 پیسے کمی کی سفارش کی — فائل فوٹو: اے ایف پی

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے یکم جون سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کردی۔

سمری کے مطابق اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 6 پیسے کمی کی تجویز دیتے ہوئے اس کی قیمت81 روپے 58 پیسے سے کم کرکے 74 روپے 52 پیسے کرنے کی سفارش کی ہے۔

اوگرا نے مٹی کے تیل کی قیمت میں 11 روپے 88 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 9 روپے 37 پیسے کمی کی سفارش کی ہے۔

ساتھ ہی اوگرا نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 پیسے کے اضافے کی تجویز بھی دی ہے۔

مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات میں 30 روپے تک کمی، پیٹرول 15 روپے سستا

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد 31 مئی کو وزارت خزانہ کی جانب سے قیمتوں میں کمی سے متعلق اعلان کیا جائے گا۔

اس سے قبل حکومت نے مئی کے مہینے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے تک کمی کا اعلان کیا تھا۔

خزانہ ڈویژن سے جاری بیان میں پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کمی، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 27 روپے 15 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 30 روپے ایک پیسہ اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے باعث آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے یکم مئی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیموں میں 44 روپے تک کمی کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان

اتھارٹی کی جانب سے ہائی اسپیڈ ڈیزل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بالترتیب 33 روپے 94 پیسے اور 24 روپے 57 پیسے کمی کی تجویز دی گئی تھی۔

تاہم حکومت نے ایک بار پھر عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کا پورا ریلیف عوام کو منتقل نہیں کیا تھا۔

قبل ازیں 24 مارچ کو وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلنے کے نتیجے میں معاشی سرگرمیوں میں آنے والے تعطل اور اس کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے عوام اور مختلف شعبوں کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات میں فی لیٹر 15 روپے کمی کا اعلان بھی کیا تھا۔

وفاقی حکومت نے 29 فروری کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 روپے تک کمی کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں