کورونا وبا: پنجاب میں ایک روز میں ریکارڈ 86 اموات، سندھ میں کیسز 75 ہزار سے زائد

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال تشویشناک ہوتی جارہی ہے—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال تشویشناک ہوتی جارہی ہے—فائل فوٹو: اے پی

دنیا بھر میں پھیلنے والی نوول کورونا وائرس کی عالمی وبا نے لاکھوں لوگوں کو اپنا شکار کردیا ہے اور پاکستان میں بھی اس وائرس کے نئے کیسز سامنے آرہے ہیں، جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 94 ہزار 613 جبکہ اموات 3 ہزار 931 تک پہنچ گئیں۔

ملک میں آج کورونا وائرس کے مزید 3591 نئے کیسز اور 123 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 3 ہزار 553 لوگ اس وائرس سے شفایاب ہوگئے۔

تاہم گزشتہ 5 روز سے یہ رجحان دیکھنے میں آرہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کی تعداد میں کمی ہوئی ہے، لیکن قومی ادارہ صحت کے ایک عہدیدار نے یہ بھی بتایا کہ آنے والے دنوں میں اموات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا اور اب اس وبا کو 4 ماہ کا عرصہ ہوچکا ہے۔

ملک میں ان 4 ماہ کے دوران وائرس کے کیسز میں بتدریج اضافہ ہوا، جس میں فروری سے مارچ کے آخر تک 2 ہزار سے زائد کیسز اور 26 اموات ہوئی تھیں، تاہم اپریل میں کیسز کی تعداد بڑھ کر ساڑھے 16 ہزار سے زائد جبکہ اموات 385 تک پہنچ گئیں۔

مئی کے مہینے میں کیسز کی تعداد میں اچانک تیزی دیکھی گئی اور 31 تاریخ تک یہ 71 ہزار سے بڑھ گئے جبکہ اموات بھی 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

رواں ماہ جون کے گزشتہ 24 روز میں کورونا وائرس کے ایک لاکھ 20 ہزار کے قریب کیسز اور تقریباً 23 اموات کا اضافہ ہوا۔

آج (25 جون) کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات سامنے آئیں۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 1098 نئے کیسز اور 17 اموات کا اضافہ ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6 ہزار 458 ٹیسٹ کیے گئے جس میں ایک ہزار 98 کے نتائج مثبت آئے، یوں مجموعی تعداد 75 ہزار 168 ہوگئی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ صوبے میں 17 اموات بھی ہوئیں جس سے مجموعی تعداد 1178 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 1655 نئے کیسز اور 86 اموات کا اضافہ دیکھا گیا۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے والے پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 655 افراد متاثر ہوئے، جس سے مجموعی کیسز کی تعداد 71 ہزار 191 ہوگئی۔

اسی طرح صوبے میں ایک روز میں 86 افراد زندگی کی بازی ہار گئی جس سے یہ تعداد 1516 سے بڑھ کر 1602 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 227 افراد کو متاثر کیا جبکہ 7 افراد لقمہ اجل بنے۔

اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں نئے کیسز کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 11 ہزار 483 سے بڑھ کر 11 ہزار 710 تک پہنچ گئی۔

مزید یہ کہ وفاقی دارالحکومت میں ایک روز میں 7 لوگ انتقال کرگئے جس سے یہ تعداد 108 سے بڑھ کر 115 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 416 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 24 ہزار 303 ہوگئی۔

صوبے میں وائرس سے مزید 10 اموات کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد خیبر پختونخوا میں جاں بحق مریضوں کی تعداد 879 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا کے مزید 129 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 9946 ہوگئی۔

صوبے میں مزید ایک مریض کورونا کے باعث جاں بحق ہوگیا جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 109 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں مزید 28 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔

پورٹل میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان میں مزید 28 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس سے یہ تعداد 1337 سے بڑھ کر 1365 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

ملک میں اس وائرس سے سب سے کم متاثر آزاد کشمیر میں بھی مزید 38 کیسز اور 2 اموات کا اضافہ ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار میں یہ معلوم ہوا کہ آزاد کشمیر میں مزید 38 لوگ وائرس سے متاثر ہوئے جس سے مجموعی کیسز کی تعداد 892 سے بڑھ کر 930 ہوگئی۔

اس کے علاوہ 2 اموات بھی رپورٹ ہوئیں جس کے بعد یہ تعداد 23 سے بڑھ کر 25 تک جا پہنچی۔

صحتیاب افراد

تاہم ملک میں کورونا کیسز اور اموات کے باوجود لوگوں کے لیے امید کی کرن لوگوں کا تیزی سے صحتیاب ہونا ہے۔

ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 3 ہزار 553 لوگ اس وائرس سے شفا پاگئے، یوں اس طرح اب تک ملک میں مکمل طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 77 ہزار 754 سے بڑھ کر 81 ہزار 307 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 194613

اموات: 3931

صحتیاب: 81307

فعال کیسز: 109375

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 75 ہزار 168ہیں تو وہیں پنجاب میں 71 ہزار 191 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 24 ہزار 303 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 9 ہزار 946 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 11 ہزار 710 ، گلگت بلتستان میں 1365 اور آزاد کشمیر 930 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 1602

سندھ: 1178

خیبرپختونخوا: 879

بلوچستان: 109

اسلام آباد: 115

گلگت بلتستان: 23

آزاد کشمیر: 25


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک ایک لاکھ 80 سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی تھی جبکہ اب تک مجموعی اموات 3700 سے بڑھ گئی ہیں۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں