’پائریٹس آف کیرئیبین’ کو خاتون کے مرکزی کردار پر بنانے کا اعلان

اپ ڈیٹ 28 جون 2020
مارگوٹ روبی کے کردار پر مبنی فلم کی کہانی کرسٹیانا ہڈسن لکھیں گی—فوٹو: ہولی وڈ رپورٹر
مارگوٹ روبی کے کردار پر مبنی فلم کی کہانی کرسٹیانا ہڈسن لکھیں گی—فوٹو: ہولی وڈ رپورٹر

ہولی وڈ کے معروف فلم ساز اسٹوڈیو ڈزنی نے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی خاتون کے مرکزی کردار پر مبنی فلم ’پائریٹس آف کیرئیبین’ کے بنانے کا آغاز کردیا جائے گا۔

2 سال قبل یہ خبریں آئیں تھیں کہ ڈزنی اسٹوڈیو معروف فلم ’پائریٹس آف کیرئیبین’ کے معروف کردار ’جیک اسپیرو’ کو مرد کے بجائے خاتون میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔

رپورٹس تھیں کہ جیک اسپیرو کے کردار کو ایک خاتون کردار کیپٹن ریڈ سے تبدیل کیا جائے گا، یہ وہ کردار ہے جو ڈزنی لینڈ اور ڈزنی ورلڈ رائیڈز کا حصہ ہے۔

تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ فلم اسٹوڈیو کردار کو خاتون کے ساتھ تبدیل کرنے کے بجائے خاتون کے مرکزی کردار کی الگ فلم سیریز بنائے گا۔

جی ہاں، ڈزنی اسٹوڈیو نے اعلان کیا ہے کہ معروف فلم ’پائریٹس آف کیرئیبین’ کو الگ طریقے سے خواتین کے کردار پر بھی بنایا جائے گا۔

خواتین کے کرداروں والی فلم پرانی فلم کا سیکوئل یا حصہ نہیں ہوگی بلکہ وہ نئی سیریز ہوگی—فائل فوٹو: ٹوئٹر
خواتین کے کرداروں والی فلم پرانی فلم کا سیکوئل یا حصہ نہیں ہوگی بلکہ وہ نئی سیریز ہوگی—فائل فوٹو: ٹوئٹر

خبر رساں ادارے رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں ہولی وڈ رپورٹر سمیت دیگر شوبز ویب سائٹس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈزنی اسٹوڈیو کے قریبی ذرائع کے مطابق اسٹوڈیو ’پائریٹس آف کیرئیبین’ کے مرد کردار کی جگہ خاتون کردار کو شامل کرنے کے بجائے خاتون کے کردار پر مبنی الگ فلم بنائے گا۔

خاتون کے مرکزی کردار کی سیریز کی پہلی فلم میں آسٹریلیو نژاد اداکارہ 29 سالہ مارگوٹ روبی کو کاسٹ کیا جائے گا اور مذکورہ فلم کی کہانی ’پائریٹس آف کیرئیبین’ کے مرد فلم کی کہانیوں سے بلکل مختلف ہوگی۔

خواتین کے مرکزی کرداروں پر مبنی ’پائریٹس آف کیرئیبین’ کی پہلی فلم کی کہانی برطانوی لکھاری کرسٹیانا ہڈسن لکھیں گی۔

ممکنہ طور پر مارگوٹ روبی کے کردار کا نام کیپٹن ریڈ ہوگا—فائل فوٹو: اے ایف پی
ممکنہ طور پر مارگوٹ روبی کے کردار کا نام کیپٹن ریڈ ہوگا—فائل فوٹو: اے ایف پی

خواتین کے مرکزی کرداروں پر مبنی ’پائریٹس آف کیرئیبین’ کی فلم کو بھی مرد کرداروں کی فلم سیریز کے پروڈیوسر جیری برکھیمیئر پروڈیوس کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: جونی ڈیپ اب ’کیپٹن جیک اسپیرو’ نہیں بن پائیں گے

مذکورہ فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا اور اس کی دیگر کاسٹ میں کون سے اداکار شامل ہوں گے، اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ سال کے آخر تک فلم کی شوٹنگ شروع کردی جائے گی۔

معروف فلم سیریز ’پائریٹس آف کیرئیبین’ میں مرکزی کردار ’کیپٹن جیک اسپیرو’ 54 سالہ اداکار جونی ڈیپ نے ادا کیا ہے اور اس سیریز کی 5 فلمیں ریلیز کی جا چکی ہیں۔

جیک اسپیرو پارئریٹس آف کیرئیبین کا معروف کردار ہے—اسکرین شاٹ
جیک اسپیرو پارئریٹس آف کیرئیبین کا معروف کردار ہے—اسکرین شاٹ

2 سال قبل 2018 میں خبریں آئی تھیں کہ ’پائریٹس آف کیرئیبین’ میں جیک اسپیرو کے مرد کردار کی جگہ خاتون کردار کیپٹن ریڈ کو شامل کیا جائے گا، تاہم اب خبریں ہیں کہ اسی کردار پر مبنی نئی فلم سیریز شروع کی جا رہی ہے۔

اگرچہ تصدیق کی جا چکی ہے کہ اب ’پائریٹس آف کیرئیبین’ کے مرد کردار کو ختم نہیں کیا جائے گا اور خواتین کرداروں پر مبنی الگ فلم سیریز بنائی جائے گی تاہم ڈزنی اسٹوڈیو پہلے ہی اعلان کر چکا ہے کہ اب جونی ڈیپ کو مزید فلموں میں کاسٹ نہیں کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: جیک اسپیرو کا کردار خاتون کو دینے کا فیصلہ؟

’کیپٹن جیک اسپیرو’ کو جونی ڈیپ گزشتہ 15 سالوں سے نبھاتے آ رہے تھے اور پائریٹس آف دی کیریبیئن کی اب تک 5 فلمیں ریلیز کی جا چکی ہیں، جن میں سے آخری فلم ’ڈیڈ مین ٹیل نو ٹالس’ کو مئی 2017 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

اس سیریز کی پہلی فلم جولائی 2003 میں ریلیز کی گئی تھی، جس نے آتے ہی دھوم مچادی تھی۔

پہلی فلم کی کامیابی کے بعد دوسری فلم جولائی 2007، تیسری فلم مئی 2007 اور چوتھی فلم مئی 2011 میں ریلیز کی گئی۔

سیریز کی پانچویں فلم مئی 2017 میں ریلیز کی گئی تھی اور اب سیریز کی چھٹی فلم بنائی جائے گی، تاہم اس کا اعلان نہیں کیا گیا۔

مارگوٹ روبی کے ساتھ دیگر اداکاراؤں کو بھی کاسٹ کیے جانے کا امکان ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
مارگوٹ روبی کے ساتھ دیگر اداکاراؤں کو بھی کاسٹ کیے جانے کا امکان ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں