صوابی: اشتہاری ملزمان سے مقابلے میں ڈی ایس پی شہید، 2 اہلکار زخمی

اپ ڈیٹ 08 جولائ 2020
زخمی ہونے والے 2 پولیس اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا— فوٹو: ٹوئٹر
زخمی ہونے والے 2 پولیس اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا— فوٹو: ٹوئٹر

صوبہ خیبر پختونحوا کے ضلع صوابی میں پولیس اور اشتہاری ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) شہید جبکہ دیگر 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔

واقعے سے متعلق فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق آج (8 جولائی) ڈی ایس پی رزڑ علامہ اقبال کو اطلاع ملی تھی کہ ضلع صوابی کے علاقے کالو خان احد کلے میں پولیس کو مختلف وارداتوں میں مطلوب اشتہاری نصیر ایک مکان میں موجود ہے۔

جس پر ڈی ایس پی کی قیادت میں پولیس ٹیم نے اشتہاری کی گرفتاری کے لیے چھاپا مارا لیکن ملزمان نے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی علامہ اقبال شہید ہوگئے جبکہ اشتہاری کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار فیصل خان اور طیب خان شدید زخمی ہوئے۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر دھماکا، پولیس اہلکار شہید

پولیس کی جوابی فائرنگ سے اشتہاری ملزم بھی مارا گیا جس کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کرتے ہوئے اور اشتہاری ملزم کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دیں۔

علاوہ ازیں فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والے 2 پولیس اہلکاروں کو مردان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

ڈی پی او صوابی نے ڈان نیوز کو بتایا کہ ڈی ایس پی علامہ اقبال کی قیادت میں پولیس ٹیم نے صوابی کے علاقے احد کلے میں آپریشن شروع کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس ٹیم نے ملزم کے خفیہ ٹھکانے پر چھاپا مارا تھا اور آپریشن کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ اسمٰعیل خان: پولیس وین کے قریب دھماکا، ایک اہلکار شہید

ڈی پی او کے مطابق فائرنگ کے دوران پولیس ٹیم کی قیادت کرنے والے ڈی ایس پی کو گولیاں لگیں اور وہ بعدازاں انتقال کرگئے۔

ان کے مطابق پولیس کے ہاتھوں ایک مطلوبہ ملزم مارا گیا جبکہ اس کے ساتھ موجود شخص زخمی ہوا لیکن فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

شہید ڈی ایس پی رزڑ علامہ اقبال کی نماز جنازہ پولیس لائن صوابی میں ادا کردی گئی جس میں ڈی آئی جی مردان ریجن شیر اکبر خان اور ڈی پی او صوابی عمران شاہد کے علاوہ پولیس کے اہلکار نے شرکت کی۔

بعدازاں ڈی ایس پی کی میت کو ان کے آبائی علاقے شب قدر روانہ کردیا گیا، شہید ڈی ایس پی گزشتہ 6 ماہ سے صوابی میں تعینات تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں