کورونا وبا: پنجاب میں اموات 2 ہزار سے زائد، ملک میں کیسز ڈھائی لاکھ سے بڑھ گئے

اپ ڈیٹ 12 جولائ 2020
پنجاب میں اموات 2 ہزار سے بڑھ گئی ہیں—فائل فوٹو: فضل خالق
پنجاب میں اموات 2 ہزار سے بڑھ گئی ہیں—فائل فوٹو: فضل خالق

دنیا بھر میں سوا کروڑ سے زائد افراد کو متاثر اور 5 لاکھ 65 ہزار سے زیادہ لوگوں کو ہلاک کرنے والے مہلک نوول کورونا وائرس کا یہاں بھی پھیلاؤ جاری ہے اور اس وقت پاکستان دنیا کا 12 واں بڑا متاثر ملک بن چکا ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 50 ہزار 977 ہوچکی ہے جبکہ 5 ہزار 257 افراد لقمہ اجل بھی بنے ہیں۔

اتوار (12 جولائی) کی شام تک ملک میں کورونا وائرس کے 2842 نئے کیسز اور 75 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 3 ہزار 566 افراد شفایاب ہوگئے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا مریض 26 فروری 2020 کو سامنے آیا تھا اور اب تک اس وائرس کو یہاں ساڑھے 4 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔

اس عرصے کے دوران ملک میں وائرس کے کیسز میں بتدریج اضافہ دیکھا گیا تاہم اب کچھ روز سے ملک میں یومیہ کیسز کی تعداد میں کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔

26 فروری سے 31 مارچ کے دوران ملک میں لگ بھگ 2 ہزار کے قریب کیسز تھے اور 26 اموات تھیں، جو بعد ازاں اپریل کے مہینے کے دوران 385 ہوگئیں اور کیسز ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے۔

اس کے بعد مئی کے مہینے میں کیسز میں تیزی آنا شروع ہوئی اور ایک ماہ کے دوران تعداد 71 ہزار اور اموات 1500 سے بڑھ گئی۔

جون اعداد و شمار کے حساب سے اب تک کا سب سے زیادہ خطرناک مہینہ رہا اور 30 یوم میں کیسز بڑھ کر 2 لاکھ 12 ہزار اور اموات 4300 سے تجاوز کرگئے۔

جولائی کے ابتدائی 11 روز بھی 36 ہزار نئے کیسز اور 800 سے زائد اموات کا اضافہ دیکھا گیا۔

آج (12 جولائی) کو ملک میں مزید کیسز اور اموات کا اضافہ سامنے آیا۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس نے مزید 1713 افراد کو متاثر کیا اور 48 افراد کی جان لے لی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 713 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور یوں مجموعی تعدادا ایک لاکھ 5 ہزار 533 تک پہنچ گئی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 48 اموات بھی ہوئیں جس سے یہ تعداد 1795 تک جاپہنچی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز کی یومیہ تعداد میں کمی دیکھی گئی۔

سرکاری اعداد و شمار بتانے والے پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 565 نئے کیسز کے اضافے کے بعد مجموعی تعداد 86 ہزار 556 ہوگئی۔

اس کے علاوہ 21 اموات کا بھی اضافہ ہوا اور یہ تعداد 2006 تک پہنچ گئیں۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 408 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی تعداد 30 ہزار 486 تک پہنچ گئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق کورونا سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 شہری جان کی بازی ہار گئے اور صوبے میں وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار 99 ہوگئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ 387 مریض صحت یاب بھی ہوئے جن کی مجموعی تعداد 21 ہزار 158 جبکہ صوبے میں اب تک ایک لاکھ 76 ہزار 993 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 96 مریض اور 5 اموات رپورٹ ہوئیں۔

اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی تعداد میں 96 کے اضافے سے مجموعی کیسز 14 ہزار 23 ہوگئے۔

مزید برآں 5 افراد کے انتقال سے دارالحکومت میں اب تک کی اموات کی تعداد 152 تک جاپہنچی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں مزید 28 افراد کا اضافہ ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 28 افراد ایسے تھے جس میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور اس طرح مجموعی تعداد ایک ہزار 658 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

کورونا وائرس سے ملک کا سب سے کم متاثر علاقہ آزاد کشمیر ہے اور وہاں کیسز کی مجموعی تعداد ایک ہزار 564 تک پہنچ چکی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں مزید 32 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ ایک موت ہوئی جس سے اموات 43 تک جاپہنچیں۔

صحتیاب افراد

ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے جو فعال کیسز کے لیے امید کا باعث ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 3 ہزار 566 افراد اس وائرس سے مکمل صحتیاب ہوگئے۔

اس طرح ملک میں اب تک کورونا وائرس سے شفایاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 56 ہزار 700 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 250977

اموات: 5257

صحتیاب: 156700

فعال کیسز: 88624

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 5 ہزار 533 ہیں تو وہیں پنجاب میں 86 ہزار 556 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 30 ہزار 486 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 157 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 ہزار 23 ، گلگت بلتستان میں 1658 اور آزاد کشمیر 1564 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 2006

سندھ: 1795

خیبرپختونخوا: 1099

بلوچستان: 126

اسلام آباد: 152

آزاد کشمیر: 43

گلگت بلتستان: 36


پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 5 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں