بابر اعظم کی 8 سالہ پرستار سے آن لائن ملاقات

اپ ڈیٹ 15 جولائ 2020
بابر اعظم نے سامعہ افسر کی بیٹنگ کی تعریف کی— فوٹو بشکریہ پی سی بی
بابر اعظم نے سامعہ افسر کی بیٹنگ کی تعریف کی— فوٹو بشکریہ پی سی بی

قومی ٹی 20 اور ون ڈے ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنی ننھی پرستار سے آن لائن ملاقات کر کے ان کی خواہش پوری کردی۔

کووڈ -19 کے باعث اور انگلینڈ کے درمیان 5 اگست سے شروع ہونی والی ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز بائیو سیکیور ماحول میں کھیلی جائے گی۔

مزید پڑھیں: ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر کی ٹیسٹ کیریئر کی بہترین رینکنگ

بند دروازوں میں کھیلی جانے والی اس سیریز میں شائقین کرکٹ اسٹینڈز میں بیٹھ کر اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی نہیں کر سکیں گے۔

کھلاڑیوں اور مداحوں کے درمیان ان ممکنہ فاصلوں کو دور کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ میں موجود چیمپیئن بلے باز بابر اعظم اور لاہور میں موجود ان کی 8 سالہ مداح کے درمیان ایک ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔

بابر اعظم کی 8 سالہ مداح سامعہ افسر کو بطور کرکٹ فین اس وقت شہرت ملی جب رواں سال کے آغاز میں ان کی نیٹ پر شاندار بیٹنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی، اس ویڈیو میں ننھی کرکٹر ہر گیند پر دلکش اسٹروکس کھیلتی نظر آئیں۔

یہ بھی پڑھیں: مستقبل قریب میں پاک بھارت سیریز کو بھول جائیں، وسیم خان

اس موقع پر سری لنکا کے سابق کپتان اور ایم اسی سی کے موجودہ کمار سنگاکارا نے سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو پر کمنٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ننھی کرکٹر کی ویڈیو سے آگے نہیں بڑھ پا رہے، اس کی تکنیک ان سے بھی بہتر ہے اور انہیں کرکٹ میں ایسے ٹیلنٹ کو دیکھ کر بہت حوصلہ ملتا ہے۔

اپنی ننھی پرستار کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے قومی ایک روزہ اور ٹی 20 ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سامعہ افسر کی بیٹنگ کی تعریف کی اور انہیں ایک بہترین بلے باز بننے کے لیے مفید مشورے دیے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ننھی پرستار سامعہ نے بابر اعظم سے آن لائن ملاقات کرنے سے قبل بلے باز کی تصویر کا ایک دلفریب خاکہ بھی تیار کیا ہے جسے وہ وطن واپسی پر بابر اعظم کو بطور تحفہ پیش کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔

بابر سے آن لائن ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سامعہ افسر نے کہا کہ وہ بابر اعظم کی سب سے بڑی پرستار ہیں اور وہ ان کی طرح ایک نامور کرکٹر بننا چاہتی ہیں۔

مزید پڑھیں: انگلینڈ کو ہوم گراؤنڈ پر ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں 4وکٹوں سے شکست

ننھی پرستار نے بابر اعظم کو سپر ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح قومی ٹیم کے کپتان اپنی بیٹنگ کی بدولت دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں بالکل اسی طرح وہ بھی ایک دن قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے لیے کامیابیاں سمیٹنے کی خواہش رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم نے انہیں بیٹنگ مین بہتری لانے کے لیے مفید مشورے دیے ہیں جس پر وہ مکمل عمل کرنے کی کوشش کریں گی۔

اس موقع پر بابر اعظم نے کہا کہ شائقین کرکٹ کھیل کا سب سے اہم حصہ ہیں اور وہ اچھے یا برے ہر وقت میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے متحرک رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران کھیل کے اس اہم اسٹیک ہولڈر کی اسٹیڈیم میں کمی کو ضرور محسوس کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: امیتابھ کو کورونا: شعیب اختر نے بھارتی شائقین کے دل جیت لیے

ان کا مزید کہنا تھا کہ سامعہ افسر سے ویڈیو پر ملاقات کر کے بہت خوشی ہوئی ہے، وہ ایک سپر اسٹار ہیں، جب میں نے سامعہ افسر کی بیٹنگ کی ویڈیو پہلی مرتبہ دیکھی تو اس کم عمری میں ان کی بیٹنگ کی صلاحیتیں دیکھ کر حیران رہ گیا۔

بابر اعظم نے کہا کہ سامعہ افسر میں ایک عمدہ بلے باز بننے کی قابلیت موجود ہے اور وہ کووڈ-19 کی صورتحال بہتر ہونے پر اس ننھی پرستار سے ملنے کے منتظر ہیں۔

قومی ون ڈے اور ٹی 20 ٹیم کے کپتان نے کہا کہ چھوٹی عمر سے کھیلوں میں شرکت کسی بھی انسان کو زندگی کی بہتر سمجھ کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط کا پابند بنا دیتی ہے اور نوجوان مداحوں سے درخواست کی کہ وہ تعلیم اور جسمانی تربیت کے حصول کو یقینی بنائیں۔

تبصرے (0) بند ہیں