حکومت سندھ نے بھی عیدالاضحیٰ کی 3 روزہ تعطیلات کا اعلان کردیا

وفاقی حکومت نے بھی عیدالاضحیٰ کی تین روز کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا — فائل فوٹو / اے پی
وفاقی حکومت نے بھی عیدالاضحیٰ کی تین روز کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا — فائل فوٹو / اے پی

حکومت سندھ نے عیدالاضحیٰ کے لیے جمعہ سے اتوار تک 3 روزہ تعطیلات کا اعلان کردیا۔

محکمہ خدمات، عمومی انتظامیہ و روابط کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق سندھ میں عیدالاضحیٰ کی تعطیلات 31 جولائی سے 2 اگست تک ہوں گی۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے بھی 31 جولائی سے 2 اگست تک عیدالاضحیٰ کی تین روز کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔

21 جولائی کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ذی الحج کا چاند نظر نہ آنے اور عید الاضحی یکم اگست بروز ہفتہ منانے کا اعلان کیا تھا۔

اس کے بعد وزارت مذہبی امور کی جانب سے بھی ملک بھر میں عیدالاضحیٰ یکم اگست کو منانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت کا عیدالاضحیٰ کی تین روزہ تعطیلات کا اعلان

قبل ازیں جولائی کے اوائل میں وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے عیدالاضحیٰ سادگی اور احتیاطی تدابیر کے ساتھ منانے کی درخواست کی تھی تاکہ ملک میں کم ہوتے کورونا وائرس کے کیسز میں دوبارہ اضافہ نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ 'جب عوام کی بڑی تعداد ایک جگہ جمع ہوتی ہے تو وائرس تیزی سے پھیلتا ہے جبکہ مئی میں عیدالفطر کے موقع پر لاپرواہی کی وجہ سے ملک میں وبا کے کیسز میں اضافہ ہوا تھا'۔

وزیراعظم نے زور دے کر کہا تھا کہ اگر ہم نے بڑی عید پر لاپرواہی کی تو خطرہ ہے کہ وائرس ایک مرتبہ پھر یکدم پھیل جائے گا اور ہسپتالوں پر دوبارہ دباؤ آئے گا اس لیے میری اپیل ہے کہ عید سادگی سے منائی جائے۔

مزید پڑھیں: عوام عیدالاضحیٰ سادگی سے منائیں، وزیراعظم کی اپیل

انہوں نے کہا کہ ہم نے عیدِ قربان کے حوالے سے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) تشکیل دیے ہیں، ساری قوم سے اپیل ہے کہ اپنے لیے، ملک کے لیے، ہمارے بزرگوں اور زندگیاں بچانے کے لیے بہت ضروری ہے کہ سادگی سے عید منائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت احتیاط کرنا بہت ضروری ہے اور احتیاط کی گئی تو ہم بہت بہتر طریقے سے اس مشکل وقت سے نکل آئیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں