بھارت: رافیل جنگی طیاروں کی آمد پر وزیر دفاع کی 'چین' کو تنبیہ

اپ ڈیٹ 30 جولائ 2020
طیاروں نے انبالا ایئر بیس پر لینڈنگ کی—فوٹو: اے ایف پی
طیاروں نے انبالا ایئر بیس پر لینڈنگ کی—فوٹو: اے ایف پی

بھارت میں فرانس سے خریدے گئے رافیل جنگی طیاروں کی 5 جہازوں پر مشتمل پہلی کھیپ کی آمد پر وزیر دفاع نے مغربی ہمالیہ میں سرحدی تنازع پر چین کو خبردار کردیا۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ رافیل جنگی طیاروں کی آمد سے ہماری عسکری تاریخ میں نیا دور شروع ہوگیا۔

مزید پڑھیں:چین اور بھارت سرحدی تنازع کے پُرامن حل کے متلاشی

انہوں نے متعدد ٹوئٹس میں کہا کہ 'نئے جنگی طیاروں سے بھارتی فضائیہ مزید مضبوط ہوگی اور ملک کے خلاف کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرسکے گی'۔

راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ جو بھارتی فضائیہ میں رافیل طیاروں کی شمولیت سے پریشان ہیں یا تنقید کرتے ہیں تو یہ وہ ہیں جو ہماری سرحدی سالمیت کو خطرے میں ڈالنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیر دفاع نے چین کا براہ راست نام لینے سے گریز کیا لیکن میڈیا اور مبصرین نے کہا کہ راج ناتھ سنگھ نے اپنے بیان میں پڑوسی ملک چین کو نشانہ بنایا۔

بھارتی ریاست ہریانہ کی امبالا ایئر بیس پر پہنچنے والے جنگی طیاروں کو واٹر کینن گارڈ آف آنر دیا گیا۔

اس ضمن میں وزیر اعظم نریندر مودی نے رافیل طیاروں کی آمد پر سنسکرت زبان میں ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'قومی دفاع کی طرح کوئی قربانی نہیں ہے، قومی دفاع جیسا کوئی اچھا کام نہیں ہے، قومی دفاع جیسا کوئی عمل نہیں ہے'۔

مزید پڑھیں:چین اور بھارت سرحدی تنازع کے پُرامن حل کے متلاشی

گیٹ وے ہاؤس تھنک ٹینک کے بین الاقوامی سلامتی کے مطالعے کے ماہر سمیر پاٹل نے کہا کہ رافیل جنگی طیاروں سے بھارت کو چینی خطرے سے نمٹنے میں مدد ملے گی کیونکہ یہ واضح ہے کہ لداخ میں دونوں ممالک کے مابین علاقائی کشیدگی سردیوں کے مہینوں تک بڑھ جائے گی۔

بھارت اور فرانس کے درمیان رافیل طیاروں کی خریداری کے لیے مذاکرات کا آغاز 2012 میں ہوا تھا جو دو سال تک معطل رہا تھا تاہم 2014 میں مودی نے حکومت سنبھالنے کے بعد اسے دوبارہ شروع کردیا تھا۔

ستمبر 2016 میں دونوں ممالک نے 8 ارب 80 کروڑ ڈالر کا مہنگا معاہدہ کیا تھا جس میں 36 رافیل طیاروں کی خریداری کے لیے دستخط کیے گئے تھے جو طیاروں کی خریداری کا سب سے مہنگا معاہدہ تھا۔

مزید پڑھیں:نئی بھارتی سڑکیں چین کے ساتھ کشیدگی میں اضافے کی وجہ بنیں، مبصرین

دوسری جانب کانگریس نے الزام لگایا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے 36 طیاروں کی خریداری کے لیے 10 اپریل 2015 کو جب فرانس کا دورہ کیا تو انیل امبانی بھی ان کے ساتھ تھے۔

خیال رہے کہ مغربی ہمالیہ میں بھارت اور چین کے مابین سرحدی کشیدگی تاحال برقرار ہے۔

متنازع خطے لداخ میں گزشتہ ماہ ہونے والی جھڑپ میں چینی فوجیوں کے ہاتھو ں 20 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔

لداخ کی وادی گلوان میں 15 جون کو لڑائی کے دوران کوئی گولی نہیں چلائی گئی اور بھارتی فوجیوں کو پتھروں سے مارا گیا تھا لیکن اس کے باوجود یہ ایشیا کی مسلح جوہری طاقتوں کے مابین دہائیوں میں بدترین تصادم تھا۔

دوسری جانب بھارت نے چین کے ساتھ سرحدی تنازع پر امریکی صدر کی ثالثی کی پیشکش یہ کہہ کر مسترد کردی تھی کہ وہ مذکورہ معاملے پر بیجنگ کے ساتھ ’مسئلے کے حل‘ کے لیے کوشاں ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ثالثی کی پیشکش اس وقت سامنے آئی تھی جب بھارتی دفاعی ذرائع نے بتایا تھا کہ سیکڑوں چینی فوجی 3 ہزار 500 کلو میٹر لمبی سرحد کے ساتھ متنازع زون میں داخل ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت، چین کے درمیان سرحدی علاقے میں جھڑپ، دونوں ممالک کے متعدد فوجی زخمی

میڈیا رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کی افواج لداخ کی وادی گالوان میں خیمہ زن ہوئی تھیں اور ایک دوسرے پر متنازع سرحد پار کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

نئی دہلی میں بھارتی حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ چین کی جانب سے تقریباً 80 سے 100 ٹینٹ نصب کردیے گئے ہیں جبکہ بھارت کی جانب سے بھی 60 خیمے لگائے گئے ہیں۔

دوسری جانب چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ 'چین اپنی علاقائی خود مختاری کے تحفظ سمیت اپنے اور بھارت کے سرحدی علاقوں میں امن اور استحکام قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے'۔

خیال رہے کہ بھارت اور چین کی سرحدیں ہمالیہ سے ملتی ہیں اور دونوں ممالک میں طویل عرصے سے سرحدی تنازع جاری ہے، دونوں ایک دوسرے پر الزامات عائد کرتے رہتے ہیں۔

چین، بھارت کے شمال مشرقی علاقے میں 90 ہزار مربع کلومیٹر کا دعویٰ کرتا ہے جبکہ بھارت کا کہنا ہے کہ چین نے مغربی ہمالیہ میں اس کے 38 ہزار مربع کلومیٹر پر قبضہ کر رکھا ہے اور اس سرحدی تنازع پر دونوں ممالک کے متعلقہ حکام درجنوں ملاقاتیں کرچکے ہیں لیکن اس کا کوئی حل نہیں نکل سکا۔

تبصرے (0) بند ہیں