شادی سے قبل محبت اور ملاقاتوں پر یقین نہیں رکھتی، نیلم منیر

اپ ڈیٹ 10 اگست 2020

ای میل

اداکارہ کے مطابق شادی کے بعد محبت پر یقین رکھتی ہوں — فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کے مطابق شادی کے بعد محبت پر یقین رکھتی ہوں — فائل فوٹو: انسٹاگرام

’دل موم کا دیا’ کی اداکارہ نیلم منیر اگرچہ ڈراموں اور فلموں میں بولڈ کردار کرتی دکھائی دیتی ہیں تاہم حقیقی زندگی میں وہ شادی سے قبل کسی طرح کی محبت اور ملاقاتوں پر یقین نہیں رکھتیں۔

نیلم منیر نے فوشیا میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں شادی، آئیڈیل شریک حیات، محبت اور زندگی سمیت اپنے کیریئر اور معاشرے سے متعلق کھل کر بات کی اور بتایا کہ وہ کس طرح کے شخص سے شادی کرنا چاہیں گی۔

میزبان رابعہ مگنی کی جانب سے شادی کے لیے آئیڈیل شریک حیات سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں ایسے افراد پسند ہیں جو اپنے اہل خانہ کی عزت کریں۔

نیلم منیر کے مطابق جو شخص اپنی والدہ سمیت خاندان کے دیگر افراد اور ان کی والدہ سمیت دیگر اہل خانہ کی عزت کرتا ہے، انہیں ایسے ہی افراد پسند ہیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ایک سوال کے جواب میں نیلم منیر کا کہنا تھا کہ شادی سے قبل وہ کسی طرح کی ملاقاتوں اور محبت پر یقین نہیں رکھتیں، کیوں کہ ان کے خیال میں یہ بہت عجیب معاملہ ہے کہ شادی سے قبل لڑکی کو کسی کے لیے سجنا، سنورنا اور تیار ہونا پڑے۔

یہ بھی پڑھیں: نیلم منیر کی محبت بھی ‘رانگ نمبر’

اداکارہ نے وضاحت کی کہ شادی ہونے کے بعد سب کچھ چلتا ہے مگر وہ شادی سے قبل محبت پر یقین نہیں رکھتیں۔

جنس مخالف کی شخصیت کا اندازہ کس طرح لگاتی ہیں سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں نیلم منیر نے بتایا کہ انسان کے بات کرنے اور چلنے پھرنے کا انداز ہی اس کی شخصیت عیاں کردیتا ہے۔

’رانگ نمبر’ میں اداکاری کے جوہر دیکھانے والی نیلم منیر کے مطابق خصوصی طور لڑکیاں کسی بھی شخص سے ملتے وقت ان کے بات کرنے کے انداز، اٹھنے، بیٹھنے اور چلنے سے ہی ان کی شخصیت کا اندازہ لگا لیتی ہیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی مرد کی شخصیت جانچنے کے لیے انہیں نہیں گھورتیں بلکہ ان کے بات کرنے کے انداز، اٹھنے، بیٹھنے اور چلنے کے انداز سے ان کی شخصیت کا پتا لگاتی ہیں۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے اپنے کیریئر کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ انہیں اپنے کرداروں میں سب سے زیادہ ’دل موم کا دیا’ ڈرامے کا کردار ’علفت’ پسند ہے۔

مزید پڑھیں: نیلم منیر کا نیا ڈراما 'شادی شدہ زندگی کے مسائل' پر مبنی

اداکارہ نے بتایا کہ ایسا بہت بار ہوچکا ہے کہ انہوں نے کسی ڈرامے یا دوسرے منصوبے میں کام کرنے سے انکار کردیا ہے لیکن بعد ازاں اس میں تھوڑی سی تبدیلیاں کیے جانے کے بعد انہوں نے مذکورہ ڈرامے میں کام کیا مگر انہوں نے ایسے ڈراموں کے نام بتانے سے گریز کیا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

نیلم منیر نے اپنے مرد مداحوں کو مشورہ دیا کہ وہ اچھے سے اچھے کی تلاش میں کبھی بہت ہی معصوم شخصیت کو گنوا دیتے ہیں، ایسے افراد کو چاہیے کہ وہ دارالامان اور ایدھی سینٹرز جاکر یتیم لڑکیوں سے شادیاں کرکے ان کی زندگی بدلیں تو بہت اچھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ان کا کوئی بھائی ہوتا تو وہ انہیں بھی یہی مشورہ دیتیں کہ دارالامان کی کسی یتیم لڑکی سے شادی کرکے ان کا سہارا بنیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’خوابوں میں جب پاکستان گئی رے‘ پر نیلم منیر کی پرفارمنس کے چرچے

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر وہ لڑکا ہوتیں تو وہ بھی کسی یتیم لڑکی سے شادی کرکے ان کا سہارا بنتیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ساتھ ہی نیلم منیر نے مرد حضرات کو بیوہ اور طلاق یافتہ خواتین سے بھی شادیاں کرنے کی تجویز دی۔

خیال رہے کہ نیلم منیر نے 2010 میں اداکاری کی شروعات ڈراموں اور ٹیلی فلموں سے کی تھی اور اب تک وہ 3 درجن سے زائد ڈراموں میں کام کر چکی ہیں۔

نیلم منیر نے 2017 میں ’چھپن چھپائی’ سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور اب تک وہ ’رانگ نمبر 2’ اور ’کاف کنگنا’ میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

نیلم منیر نے ’کاف کنگنا’ میں ’خوابوں میں جب میں پاکستان گئی رے’ آئٹم سانگ بھی کیا تھا۔