مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی نے پی ٹی آئی کی 2 سالہ کارکردگی کو 'تباہ کن' قرار دے دیا

اپ ڈیٹ 18 اگست 2020
بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف—تصاویر:  ڈان نیوز/ اے ایف پی
بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف—تصاویر: ڈان نیوز/ اے ایف پی

پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی 2 سالہ کارکردگی کو 'بدترین تباہی' قرار دے دیا۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ 'عمران خان کی قومی امور میں بدانتظامی نے عوامی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کردیا'۔

انہوں نے لکھا کہ 'عوام سیاسی انجینئرنگ میں اس ناکام تجربے کی بہت بھاری قیمت چکا رہے ہیں'۔

مزید پڑھیں: اپوزیشن کیلئے بری خبر ہے کپتان کریز پر لمبی اننگز کھیلنے کیلئے سیٹ ہوگیا ہے، اسد عمر

قائد حزب اختلاف کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرپرسن بلاول بھٹو زرداری نے بھی عمران خان کی حکومت کی کارکردی پر تنقید کے لیے ٹوئٹر کا سہارا لیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئٹ کی کہ 'اقتدار کے 2 سال میں عمران خان نے ہمیں ملک تاریخ کی بدترین معیشت، کشمیر سے سعودی عرب تک ناکام خارجہ پالیسی، جمہوری اور انسانی حقوق کے مسائل اور بیروزگاری دی'۔

انہوں نے لکھا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کہا کہ کرپشن پہلے سے زیادہ رہی۔

وزرا، مشیر و معاونین کا حکومتی کارکردگی کا دفاع

ادھر پاکستان تحریک انصاف کے وزرا، مشیروں اور معاونین نے حکومتی کارکردی کا دفاع کیا۔

مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ غیرجانبدار بین الاقوامی مبصرین نے نوول کورونا وائرس کے بحران کے باوجود پاکستان کی معاشی ترقی کو تسلیم کیا ہے۔

پی ٹی آئی حکومت کے 2 سال مکمل ہونے پر وفاقی وزرا اور معاونین خصوصی کے ہمراہ ایک پریس بریفنگ میں انہوں نے پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی بتائی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے معاشی مبصرین اور موڈی، فچ اور بلوم برگ جیسے اداروں نے پاکستانی کی ریٹنگ بہتر کی۔

یہ بھی پڑھیں: اسکینڈلز، تنقید اور تنازعات کے دو سال، وفاقی کابینہ میں چہروں کی تبدیلیاں

اسی بریفنگ میں شاہ محمود قریشی نے حکومت کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کی کامیابی کو پاکستان کے 'ابدی دشمن' بھارت کے تناظر اور پی ٹی آئی حکومت کے مقاصد کے طور پر دیکھنا چاہیے۔

وہی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا تھا کہ پاکستان کو آگے لے کر جانے کی تمام عناصر پاکستان تحریک انصاف کی قیادت میں نظر آتے ہیں اور عمران خان 22 سال کی جدو جہد کے بعد آئے، جنہوں نے اقتدار میں آکر سب سے پہلے معاشی بحران کا سامنا کیا، بھارت کے چیلنج کو قبول کیا، بالاکوٹ کے بعد پیش آنے والی صورتحال کا وقار، حوصلے اور باعزت طریقے سے سامنا کیا اس کے بعد کووِڈ کے بحران کا سامنا کیا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے دوستوں کے لیے بری خبر یہ ہے کہ کپتان کریز پر سیٹل ہوگئے ہیں اور اب ایک لمبی اور پروڈکٹو اننگز کھیلنے کے لیے تیار ہے اور اب پاکستان کو آگے مزید بہتری کے دن نظر آئیں گے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Hamza khan Aug 18, 2020 05:36pm
These are Thugs of Pakistan