پاکستان میں کورونا صورتحال میں بہتری، 2 لاکھ 86 ہزار سے زائد مریض صحتیاب

اپ ڈیٹ 09 ستمبر 2020
پاکستان میں کیسز کی تعداد میں کمی ہورہی ہے—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں کیسز کی تعداد میں کمی ہورہی ہے—فائل فوٹو: اے پی

دنیا بھر میں 2 کروڑ 70 لاکھ افراد کو متاثر اور 8 لاکھ 90 ہزار سے زائد اموات کا سبب بننے والے مہلک نوول کورونا وائرس کی پاکستان میں صورتحال دیگر ممالک کے مقابلے میں بہتر ہورہی ہے۔

ہر گزرتے دن کے ساتھ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے اور اب تک 2 لاکھ 99 ہزار 443 کیسز میں سے 2 لاکھ 86 ہزار 157 صحتیاب ہوگئے ہیں۔

ملک میں اس عالمی وبا کی وجہ سے 6 ہزار 355 افراد ایسے بھی ہیں جو انتقال کرگئے ہیں۔

آج 8 ستمبر کو اس عالمی وبا کے مزید 337 کیسز اور 7 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ 141 مریض وائرس سے شفایاب بھی ہوگئے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے بعد یہ وبا پورے ملک میں پھیل گئی۔

ابتدا میں اس وبا کے کیسز کی تعداد کم رہی اور مارچ کے آخر تک 2 ہزار کے قریب لوگ متاثر ہوئے تاہم اپریل میں کیسز کی تعداد میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور مئی میں کیسز اچانک بڑھ گئے۔

تاہم جون میں ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال مکمل تبدیل ہوگئی اور یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کرگئیں، اس کے ساتھ ہی ہسپتالوں میں بستروں کی کمی کی شکایات بھی موصول ہونے لگیں۔

بعد ازاں جولائی میں کیسز کی تعداد میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست میں کیسز کی تعداد کافی حد تک کم ہوکر ہزاروں سے سیکڑوں میں آگئیں جبکہ اموات بھی اوسطاً درجن بھر تک پہنچ گئیں۔

علاوہ ازیں ستمبر میں بھی صورتحال بہتر ہورہی ہے اور آج 8 ستمبر کو ملک میں صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں صوبے میں کورونا کے 162 نئے کیسز اور 5 اموات سامنے آنے کی تصدیق کی۔

اس اضافے کے بعد سندھ میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 30 ہزار 969 جبکہ اموات کی تعداد 2430 ہوگئی ہے۔

پنجاب

ملک میں آبادی کے حساب سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 80 مریض اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں 80 نئے مریضوں نے کیسز کی مجموعی تعداد کو 97 ہزار 306 تک پہنچا دیا۔

اس کے علاوہ ایک اور فرد کے انتقال کرجانے سے اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 211 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 12 نئے مریض سامنے آگئے جبکہ ایک اور فرد انتقال کرگیا۔

اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت میں 12 نئے مریضوں کے بعد کیسز کی تعداد 15 ہزار 762 ہوگئی۔

اسی طرح ایک اور فرد کے موت سے اموات کی تعداد 177 تک جاپہنچی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 48 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 36 ہزار 711 ہوگئی۔

صوبے میں منگل کو وبا سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا، یوں خیبر پختونخوا میں اموات 1256 پر برقرار ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں اس عالمی وبا کورونا وائرس کے مزید 33 مریض سامنے آگئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آئے مریضوں کی تعداد 33 تھی، یوں وہاں مجموعی کیسز 3 ہزار 41 ہوگئے۔

آزاد کشمیر

ملک کے سب سے کم متاثرہ علاقے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے 2 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق 2 نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 333 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 141 مریض شفا پاگئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفا پانے کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 86 ہزار 157 ہوگئی جو مجموعی کیسز کا تقریباً 96 فیصد ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 299443

اموات: 6355

صحتیاب: 286157

فعال کیسز: 6931

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 30 ہزار 969 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 97 ہزار 306 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 36 ہزار 711 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 13 ہزار 321 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 762، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 41 اور کشمیر میں 2 ہزار 333 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال:

سندھ: 2430

پنجاب: 2211

خیبرپختونخوا: 1256

بلوچستان: 145

اسلام آباد: 177

آزاد کشمیر: 65

گلگت بلتستان: 71

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں