عاصم اظہر تصاویر میں فلٹر کے استعمال کے مخالف

10 ستمبر 2020
گلوکار نے فلٹرز کے استعمال سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار ایک مداح کے کمنٹ کے جواب میں کیا—فوٹو:انسٹاگرام
گلوکار نے فلٹرز کے استعمال سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار ایک مداح کے کمنٹ کے جواب میں کیا—فوٹو:انسٹاگرام

سوشل میڈیا کی مختلف ایپلی کیشنز میں فیس فلٹرز کا استعمال بہت عام ہے اور اکثر افراد ان کے بغیر کچھ پوسٹ کرنا پسند نہیں کرتے۔

انسٹاگرام، اسنیپ چیٹ اور دیگر ایپس میں سیکڑوں فلٹرز آپشن آجائیں گے جن پر ایک ٹچ کے ذریعے اپنے چہرے پر ان کا استعمال کرسکتے ہیں۔

آج لوگوں کی جانب سے ان فلٹرز کا بہت زیادہ استعمال کیا جارہا ہے کیوکہ یہ فلٹرز خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں اور تصویر زیادہ اچھی دکھائی دیتی ہے۔

مزید پڑھیں: ہانیہ عامر نے عاصم اظہر کو زندگی کا خوبصورت حصہ قرار دے دیا

سیلیبریٹزیز کی جانب سے بھی ایسے فلٹرز کا استعمال کیا جاتا ہے تاہم پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے فلٹرز کے استعمال کی مخالفت کرتے ہوئے اس مصنوعی خوبصورتی کو اپنانے سے انکار کیا ہے۔

عاصم اظہر نے فلٹرز کے استعمال سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار ایک مداح کے کمنٹ کے جواب میں کیا۔

فیس بک کی فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر کی گئی ایک پوسٹ پر ایک مداح نے تجویز دی کہ فلٹر کے استعمال سے وہ اپنی تصویر کی خوبصورتی میں اضافہ کرسکتے ہیں۔

ان کی پوسٹ پر مداح نے کمنٹ کیا کہ ' اگر آپ نے اپنا چہرہ اسموتھ (smooth) کیا ہوتا تو تصویر بہتر دکھائی دیتی ورنہ سب کچھ ٹھیک ہے'۔

مداح کی بات کا جواب دیتے ہوئے عاصم اظہر نے لکھا کی فلٹر استعمال کروں تاکہ وہ بچے جو میری تصاویر دیکھتے ہیں وہ عدم تحفظ کا شکار ہوں اور خود کو کمتر سمجھیں۔

عاصم اطہر نے مزید لکھا کہ بچے یہ سوچنے پر مجبور ہوجائیں کہ ان کے چہرے، میرے جیسے اسموتھ کیوں نہیں ہیں۔

گلوکار نے مزید لکھا کہ اصلیت جیتتی ہے، آپ کو بھی یہ کرکے دیکھنا چاہیے۔

عاصم اظہر نے یہ جواب یوں تو مداح کی تجویز پر دیا لیکن خیال رہے کہ حال میں ہی فلٹر یا ایڈٹ شدہ تصاویر کے خلاف ایک آن لائن مہم کا بھی آغاز ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عاصم اظہر سے 'نجی تعلقات' نہیں، ہم صرف دوست ہیں، ہانیہ عامر

28 سالہ میک اپ آرٹسٹ ساشا لوسی پلاری نے انسٹاگرام کو استعمال کرکے اس کے خلاف #filterdrop مہم شروع کی ہے، جس کا مقصد فلٹرز کے حد سے زیادہ استعمال کے رجحان کی ذہنیت میں تبدیلی کے ساتھ لوگوں کے اندر اپنی اصل شخصیت سے محبت کرنے کی حوصلہ افزائی ہے۔

انہوں نے اس مہم کا آغاز جون میں سوشل میڈیا پر ایک میک برانڈ کے اشتہار کے لیے بیوٹیفائنگ فلٹر کے استعمال پر کیا تھا۔

واضح رہے کہ جہاں فلٹر کے استعمال سے کچھ لوگ اچھے نظر آتے ہیں تو دیگر افراد عدم تحفظ کا شکار بھی ہوتے ہیں کہ وہ اتنے پرکشش کیوں نہیں نظر آتے۔

تبصرے (0) بند ہیں