کورونا وائرس: ملک میں 96 فیصد مریض صحتیاب، فعال کیسز 6 ہزار سے کم

اپ ڈیٹ 16 ستمبر 2020
پاکستان میں تعلیمی ادارے مرحلہ وار طریقے سے کھل گئے ہیں—فوٹو: رائٹرز
پاکستان میں تعلیمی ادارے مرحلہ وار طریقے سے کھل گئے ہیں—فوٹو: رائٹرز

دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کو متاثر اور لاکھوں کو ہلاک کرنے والے مہلک کورونا وائرس کی پاکستان میں مجموعی صورتحال بہتر ہے اور اب تک 3 لاکھ 3 ہزار 89 کیسز میں سے 2 لاکھ 90 ہزار 760 صحتیاب ہوچکے ہیں جو تقریباً 96 فیصد ہے۔

اس کے علاوہ اب تک اموات کی مجموعی تعداد 6 ہزار 393 تک پہنچ گئی ہے۔

ملک میں گزشتہ آج 16 ستمبر کی صبح تک مجموعی طور پر 324 کیسز اور ایک اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا، تاہم ان میں 61 کیسز خیبرپختونخوا اور 69 کیسز بلوچستان کے گزشتہ روز کے شامل تھے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا اور اب اس عالمی وبا کو ملک میں 7 ماہ کے قریب کا عرصہ گزر چکا ہے۔

اس تمام عرصے میں یہ وبا مختلف مراحل سے گزری اور ابتدا میں اس کے کیسز میں کمی اور پھر تیزی دیکھی گئی تاہم بعد ازاں ایک مرتبہ پھر کیسز میں کمی کے بعد اب صورتحال بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے۔

ملک میں مارچ تک کورونا کیسز کی تعداد کافی کم تھی تاہم اپریل میں اس میں اضافہ شروع ہوا جو مئی میں بڑھ گیا اور جون میں صورتحال مکمل طور پر تبدیل ہی ہوگئی۔

جون کے مہینے میں یومیہ رپورٹو ہونے والے کیسز کی تعداد 6 ہزار جبکہ اموات 100 سے تجاوز کرگئی تھیں اور مریضوں کی اس بڑھتی تعداد کے باعث ہسپتالوں پر دباؤ بھی بڑھ گیا تھا۔

تاہم پھر جولائی میں کیسز کی تعداد کم ہونا شروع ہوئی اور اگست میں مزید بہتر ہونے پر اس وائرس کی وجہ سے پابندیوں کا سامنا کرنے والے معاشی شعبے مکمل طور پر کھول دیے گئے لیکن تعلیمی اداروں کو مزید ایک ماہ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

جس کے بعد ستمبر کی 15 تاریخ سے حالات میں مزید بہتری کے بعد تعلیمی اداروں کو بھی مرحلہ وار طریقے سے کھول دیا گیا۔

آج (16 ستمبر) کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 129 نئے مریضوں کی تصدیق ہوگئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان مریضوں کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 97 ہزار 946 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اس عالمی وبا کے 22 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں آئے ان نئے کیسز کے بعد وہاں اب تک مجموعی کیسز کی تعداد 15ہزار 984 تک پہنچ گئی ہے۔

گلگت بلتستان

ملک کے کم متاثر حصوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 28 مریض رپورٹ ہوئے جبکہ ایک فرد کا انتقال بھی ہوا۔

سرکاری پورٹل کے مطابق کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان 28 مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہزار 269 ہوگئی۔

اس کے علاوہ ایک اور فرد کے انتقال کرجانے سے اموات کی یہ تعداد 79 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

پاکستان کے سب سے کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس مزید 15 افراد کو متاثر کرگیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 15 مریضوں میں وائرس کی تصدیق کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2ہزار 441 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں صورتحال میں بہتری کی سب سے بڑی وجہ لوگوں کا تیزی سے صحتیاب ہونا ہے اور اب تک 96 فیصد مریض شفا پاچکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس اعداد و شمار میں 499 کا اضافہ ہوا جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 90 ہزار 760 تک پہنچ گئی ہے۔


مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 303089

اموات: 6393

صحتیاب: 290760

فعال کیسز: 5936

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 591 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 97 ہزار 946 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 37 ہزار 140 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 13 ہزار 690 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 984، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 297 اور کشمیر میں 2 ہزار 441 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال:

سندھ: 2448

پنجاب: 2220

خیبرپختونخوا: 1257

بلوچستان: 145

اسلام آباد: 178

آزاد کشمیر: 66

گلگت بلتستان: 79


پاکستان میں کورونا کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کیے تاہم بعد ازاں صورتحال بہتری کی جانب واپس گامزن ہوئی اور اب تک 3 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 6 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں