کووڈ 19: ملک میں کورونا کیسز 3 لاکھ 4 ہزار کے قریب، 2 لاکھ 91 ہزار 169 صحتیاب

اپ ڈیٹ 17 ستمبر 2020
پاکستان میں صورتحال میں بہتری آرہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں صورتحال میں بہتری آرہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا وائرس کی صورتحال بہتر ہورہی ہے تاہم خدشات ابھی بھی برقرار ہیں کیونکہ احتیاط نہ برتنے پر یہ وائرس دوبارہ پھیل سکتا ہے۔

ملک میں ابھی تک 3 لاکھ 3 ہزار 941 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تاہم ان میں سے 2 لاکھ 91 ہزار 169 صحتیاب بھی ہوگئے ہیں جبکہ 6 ہزار 403 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

پاکستان میں آج 17 ستمبر کی شام تک مزید 807 کیسز کا اضافہ ہوا جبکہ 10 اموات بھی رپورٹ ہوئیں۔

تاہم ان 807 کیسز میں سندھ کے 227 کیسز، 3 اموات، خیبرپختونخوا کے 45 کیسز اور بلوچستان کے 108 کیسز وہ تھے جو 16 ستمبر کے تھے تاہم یہ آج رپورٹ ہوئے۔

سندھ میں ان 227 کیسز کے بعد مجموعی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 818 ہوئی جبکہ 3 اموات سے مجموعی تعداد کو 2 ہزار 451 تک پہنچ گئی، مزید یہ کہ خیبرپختونخوا کے مجموعی کیسز 37 ہزار 185 اور بلوچستان میں مجموعی تعداد 13 ہزار 798 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا جس کے بعد اب تک اس وائرس کو تقریباً 7 ماہ کا عرصہ ہوگیا ہے۔

اس عرصے کے دوران سب سے زیادہ تشویش ناک صورتحال جون کے مہینے میں دیکھنے میں آئی، اس ماہ میں یومیہ کیسز کی تعداد 6 ہزار اور اموات 100 سے زائد ہوگئی تھیں۔

یہی نہیں بلکہ کیسز میں اضافے کی وجہ سے ملک کے ہسپتالوں میں بستروں کی تعداد کم پڑنے کی اطلاعات بھی رپورٹ ہوئی تھیں۔

تاہم بعد ازاں جولائی کے مہینے میں کیسز کم ہونا شروع ہوئے اور پھر اگست اس میں مزید بہتری رپورٹ ہوئی۔

رواں ماہ میں کورونا وائرس کی صورتحال مزید بہتر ہونے کے بعد 6 ماہ سے زائد عرصے سے بند تعلیمی اداروں کو بھی کھول دیا گیا۔

آج 17 ستمبر کو ملک میں مجموعی صورتحال کچھ اس طرح کی ہے۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 307 نئے کیسز اور 4 اموات کی تصدیق ہوگئی۔

17 اگست کو سامنے آنے والے اعداد و شمار سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے میں مزید 307 مریضوں سے کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 33 ہزار 125 ہوگئی۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ 4 لوگ مزید انتقال کرگئے جس سے اموات 2 ہزار 455 تک پہنچ گئیں۔

پنجاب

ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 95 کیسز اور 3 اموات کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں 95 کیسز نے پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد کو 98 ہزار 41 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ 3 اموات نے مجموعی اموات کی تعداد کو 2 ہزار 223 تک پہنچا دیا۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 21 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد دارالحکومت میں مجموعی کیسز 16 ہزار 5 ہوگئے۔

گلگت بلتستان

ملک کے کم متاثرہ حصوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں 39 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 39 نئے کیسز کے بعد وہاں مجموعی کیسز 3 ہزار 336 تک پہنچ گئے۔

آزاد کشمیر

ملک کے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں یہ عالمی وبا مزید 10 افراد کو متاثر کرگئی۔

اعداد و شمار کے مطابق 10 نئے مریضوں کے بعد آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 2 ہزار 451 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں صحتیاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 409 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 409 مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 2 لاکھ 91 ہزار 169 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 303941

اموات: 6403

صحتیاب: 291169

فعال کیسز: 6369

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 33 ہزار 125 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 98 ہزار 41 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 37 ہزار 185 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 13 ہزار 798 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 ہزار 5، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 336 اور کشمیر میں 2 ہزار 451 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال:

سندھ: 2455

پنجاب: 2223

خیبرپختونخوا: 1257

بلوچستان: 145

اسلام آباد: 178

آزاد کشمیر: 66

گلگت بلتستان: 79


پاکستان میں کورونا کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کیے تاہم بعد ازاں صورتحال بہتری کی جانب واپس گامزن ہوئی اور اب تک 3 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ اموات 6 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں