کورونا وبا: ملک میں 638 نئے کیسز کا اضافہ، مزید 566 افراد صحتیاب

اپ ڈیٹ 22 ستمبر 2020
ملک میں مرحلہ وار طریقے سے تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں---فائل فوٹو: رائٹرز
ملک میں مرحلہ وار طریقے سے تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں---فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال میں بہتری آرہی ہے تاہم گزشتہ کچھ روز سے مختلف علاقوں خاص طور پر سندھ اور بلوچستان میں کیسز میں کچھ حد تک اضافہ دیکھا گیا ہے۔

ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 6 ہزار 630 ہے جس میں سے 2 لاکھ 92 ہزار 869 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 6 ہزار 423 کا انتقال ہوا ہے۔

سرکاری سطح پر قائم پورٹل کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج (21 ستمبر) کو مزید 638 کیسز اور 6 اموات کا اضافہ ہوا، جس میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے گزشتہ روز کے بالترتیب 125 اور 40 کیسز بھی شامل تھے۔

دنیا بھر کی صورتحال تبدیل کرنے والی اس عالمی وبا کی ابتدا گزشتہ برس کے آخر میں چین کے شہر ووہان سے ہوئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری دنیا کو متاثر کردیا۔

اس وائرس کے ایک شخص سے دوسرے شخص میں منتقل ہونے کے باعث دنیا بھر کے مختلف ممالک میں لاک ڈاؤن کرنا پڑا جبکہ معاشی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوئیں جبکہ لوگوں کو سفری پابندیوں کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان میں اس وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا، جس کے بعد فوری طور تعلیمی اداروں کی بندش کا اعلان کیا گیا۔

تاہم چونکہ یہ وبا ایک سے دوسرے میں منتقل ہوتی ہے تو اس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیاں عائد کی گئیں۔

تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اور ملک کی معیشت کو دیکھتے ہوئے ان پابندیوں میں نرمی کی جانے لگی اور ملک میں اگست کے مہینے یعنی 5 ماہ بعد کورونا وائرس کی صورتحال قدر بہتر ہونے پر ان پابندیوں کو بڑی حد تک ختم کردیا گیا، البتہ تعلیمی اداروں کو مزید ایک ماہ بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم 15 ستمبر سے مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھول دیے گئے۔

سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے بیان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کورونا کے 296 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی۔

اس کیسز کے اضافے کے بعد سندھ میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 34 ہزار 243 ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ آج کورونا کے باعث مزید 3 مریض انتقال کرگئے جس کے بعد وائرس سے مجموعی طور پر جاں بحق افراد کی تعداد 2463 ہوگئی ہے۔

پنجاب

ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 60 کیسز کی تصدیق ہوگئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 60 افراد وائرس سے متاثر ہوئے، جس سے مجموعی کیسز کی تعداد 98 ہزار 428 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 38 مریضوں کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے مریضوں کے بعد وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 16ہزار 162 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے مزید 30 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 37 ہزار 387 ہوگئی۔

صوبے میں پیر کو وبا سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا اور مجموعی طور پر اموات کی تعداد 1258 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

پاکستان کے کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 33 کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گلگت بلتستان میں 33 نئے مریضوں نے کیسز کی مجموعی تعداد کو 3 ہزار 483 تک پہنچا دیا۔

اسی طرح ایک فرد کے انتقال نے مجموعی اموات کو 82 تک پہنچا دیا۔

آزاد کشمیر

ملک کے سب سے کم متاثرہ علاقے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس 16 نئے کیسز اور دو اموات کی تصدیق ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق وہاں مزید 16 افراد وائرس سے متاثر ہوئے، یوں مجموعی کیسز کی تعداد 2 ہزار 533 ہوگئی۔

اس کے علاوہ 2 افراد کے انتقال کرجانے سے مجموعی اموات کی تعداد 69 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 566 مریض شفایاب ہونے، جس سے مجموعی تعداد 2 لاکھ 92 ہزار 869 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 306630

اموات: 6423

صحتیاب: 292869

فعال کیسز: 7338

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 34 ہزار 243 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 98 ہزار 428 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 37 ہزار 387 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 14 ہزار 394 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 ہزار 162، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 483 اور آزاد کشمیر میں 2 ہزار 533 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال:

سندھ: 2463

پنجاب: 2226

خیبرپختونخوا: 1258

بلوچستان: 145

اسلام آباد: 180

گلگت بلتستان: 82

آزاد کشمیر: 69

تبصرے (0) بند ہیں