گوگل نے رواں سال مئی میں اپنی ویڈیو کانفرنسنگ سروس میٹ کو تمام صارفین کے لیے مفت کردیا تھا جس کا مقصد کورونا وائرس کی وبا کے دوران باہمی رابطوں میں لوگوں کو سہولت فراہم کرنا تھا۔

یہ کانفرنسنگ سروس پہلے صرف جی سیوٹ کے صارفین کے لیے مخصوص اور 6 ڈالر ماہانہ پر ہی دستیاب تھی۔

میٹ کے ذریعے بیک وقت 100 افراد ایک ویڈیو کال کا حصہ بن سکتے یییں جبکہ شیڈولنگ، اسکرین شیئرنگ اور رئیل ٹائم کیپشن جیسے فیچرز بھی اس میں دستیاب ہیں۔

اس وقت گوگل میٹ کے اس مفت ورژن پر ویڈیو کال کا کوئی وقت مقرر نہیں مگر 30 ستمبر کے بعد سے یہ سہولت ختم ہورہی ہے۔

درحقیقت یکم اکتوبر سے گوگل میٹ کے مفت ورژن میں ویڈیو کالز کا دورانیہ 60 منٹ تک محدود ہوگا۔

یعنی اب صارفین کے پاس چند دن ہیں جس کے دوران وہ لامحدود ویڈیو کالز کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، جس کے بعد وہ محدود دورایے کی کال ہی کرسکیں گے۔

تاہم گوگل کی جانب سے 60 منٹ کا یہ دورانیہ زوم کے 40 منٹ سے زیادہ ہی ہے۔

ویسے اگر آپ محدود وقت تک کالز سے خوش نہیں تو چند دیگر فری سروسز بی دستیاب ہیں۔

ایپل ڈیوائسز کے صارفین فیس ٹائم میں یہ سہولت حاصل کرسکتے ہیں جبکہ فیس بک میسنجر رومز میں بھی یہ سروس لامحدود وقت تک کے لیے دستیاب ہے۔

اگر گوگل میٹ میں ہی یہ سہولت چاہتے ہیں تو ماہانہ 8 ڈالرز کے عوض ایسا ممکن ہے۔

ویسے ہوسکتا ہے کہ گوگل کی جانب سے 30 ستمبر کے بعد اس مفت سروس کو مزید کچھ عرصے کے لیے فراہم کرنے کا اعلان کردیا جائے۔

تبصرے (0) بند ہیں