پاکستان میں کورونا وائرس کے 658 کیسز کا اضافہ، مزید 541 مریض صحتیاب

اپ ڈیٹ 30 ستمبر 2020
ملک میں کیسز میں حالیہ دنوں میں اضافہ ہوا ہے—فائل فوٹو: اے پی
ملک میں کیسز میں حالیہ دنوں میں اضافہ ہوا ہے—فائل فوٹو: اے پی

دنیا بھر کا نقشہ تبدیل کرکے رکھ دینے والے مہلک نوول کورونا وائرس کی پاکستان میں مجموعی صورتحال اگرچہ بہتر ہے تاہم ستمبر کے اوائل کے مقابلے میں وسط سے کیسز کی تعداد میں کچھ حد تک اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

ملک میں ابھی تک 3 لاکھ 12 ہزار 574 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں تاہم ان میں سے 2 لاکھ 96 ہزار 881 صحتیاب ہوگئے ہیں اور 6 ہزار 481 کا انتقال ہوا ہے۔

پاکستان میں آج 30 ستمبر کی شام تک مزید 658 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور 5 مریض انتقال کر گئے جبکہ 541 افراد صحتیاب ہوگئے۔

آج رپورٹ ہونے والے کیسز میں بلوچستان کے گزشتہ روز کے 80 جبکہ خیبرپختونخوا کے 49 کیسز بھی شامل تھے، جس کے بعد بلوچستان میں کیسز کی تعداد 15 ہزار 257 جبکہ خیبرپختونخوا میں 37 ہزار 776 تک پہنچ گئی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا جس کے بعد اب تک اس وائرس کو 7 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔

اس عرصے کے دوران سب سے زیادہ تشویش ناک صورتحال جون کے مہینے میں دیکھنے میں آئی، اس ماہ میں یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 6 ہزار اور اموات 100 سے زائد ہوگئی تھیں۔

بعد ازاں جولائی کے مہینے میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن نظر آئی اور کیسز کم ہونا شروع ہوئے اور پھر اگست اس میں مزید بہتری رپورٹ ہوئی۔

رواں ماہ میں کورونا وائرس کی صورتحال مزید بہتر ہونے کے بعد 6 ماہ سے زائد عرصے سے بند تعلیمی اداروں کو بھی کھول دیا گیا تھا تاہم ستمبر کے وسط سے یومیہ کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

آج 30 ستمبر کو ملک میں مجموعی صورتحال کچھ اس طرح کی ہے۔

سندھ

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں کورونا کے 311 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 37 ہزار 106 ہوگئی۔

صوبے میں وائرس سے مزید 2 مریض جاں بحق ہوگئے جس کے بعد سندھ میں مجموعی اموات کی تعداد 2499 ہوگئی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 10 ہزار 940 ٹیسٹ کیے گئے۔

پنجاب

ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 86 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں 86 کیسز نے پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد کو 99 ہزار 378 تک پہنچا دیا۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 49 کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد دارالحکومت میں مجموعی کیسز 16 ہزار 581ہوگئے ہیں۔

اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 182 تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان

ملک میں کورونا وائرس سے کم متاثرہ حصوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں مزید48 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 48 نئے کیسز کے بعد وہاں مجموعی کیسز 3 ہزار 778 تک پہنچ گئے۔

آزاد کشمیر

وبا سے ملک کے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں یہ عالمی وبا مزید 35 افراد کو متاثر کرگئی جبکہ 2 کا انتقال بھی ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 35 نئے مریضوں کے بعد آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 2 ہزار 698 ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ 2 افراد کی موت سے وہاں اموات کی مجموعی تعداد 74 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں روز بروز صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 541 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 541 مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 2 لاکھ 96 ہزار 881 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 312574

اموات: 6481

صحتیاب: 296881

فعال کیسز: 9212

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 37 ہزار 106 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 99 ہزار 378 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 37 ہزار 776 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 15 ہزار 257 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 ہزار 581، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 778 اور آزاد کشمیر میں 2 ہزار 698 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال:

سندھ: 2499

پنجاب: 2234

خیبرپختونخوا: 1259

بلوچستان: 145

اسلام آباد: 182

گلگت بلتستان: 88

آزاد کشمیر: 74

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں