وائرس سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، کورونا سے متاثرہ ڈونلڈ ٹرمپ کا وائٹ ہاؤس واپسی پر بیان

اپ ڈیٹ 06 اکتوبر 2020
اس سے مت ڈرنا، آپ اسے شکست دے دیں گے، ہمارے پاس بہترین طبی سامان ہے، ہمارے پاس بہترین دوائیں ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کا وائٹ ہاؤس سے ویڈیو بیان — فوٹو:رائٹرز
اس سے مت ڈرنا، آپ اسے شکست دے دیں گے، ہمارے پاس بہترین طبی سامان ہے، ہمارے پاس بہترین دوائیں ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کا وائٹ ہاؤس سے ویڈیو بیان — فوٹو:رائٹرز

کورونا وائرس سے متاثرہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہسپتال چھوڑنے کے بعد وائٹ ہاؤس میں ڈرامائی طور پر واپسی کی۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کووالٹر ریڈ ملٹری ہسپتال میں کووڈ 19 کی غیر معمولی دیکھ بھال مل رہی تھی۔

انہوں نے فوری طور پر یہ اعلان کرتے ہوئے ایک نیا تنازع کھڑا کردیا کہ ان کی بیماری کے باوجود قوم کو اس وائرس سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے جس نے 2 لاکھ 10 ہزار سے زائد امریکیوں کی جان لے لی ہے اور پھر وہ بغیر کسی ماسک کے وائٹ ہاؤس میں داخل ہوئے۔

مزید پڑھیں: امریکی صدر کی یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل کیوں ہوئی؟

انہوں نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر صدر انتخابی مہم میں واپس آسکتے ہیں تو وہ ایک ناقابل تسخیر ہیرو ثابت ہوں گے جو نہ صرف ڈیموکریٹس کی جانب سے پھینکی گئی ہر گھناؤنی چال سے بچا رہے ہیں بلکہ چینی وائرس سے بھی‘۔

ٹرمپ کے پیغام نے وبائی بیماری کے ماہرین کو خوفزدہ کردیا جن کا کہنا تھا کہ صدر کی اپنی بیماری بھی انہیں اس بیماری کے بارے میں رائے تبدیل کرنے کا سبب نہیں بن سکی ہے جس کی وجہ سے امریکا کی خاتون اور وائٹ ہاؤس کے متعدد افراد کو بھی متاثر کیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی وائٹ ہاؤس سے متعدد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

میرین ون پر وائٹ ہاؤس میں اترنے کے ساتھ ہی ٹرمپ جنوبی پورٹیکو سیڑھی پر چڑھ گئے اور وہاں انہوں نے اپنا ماسک اتارا اور اعلان کیا ’میں اب بہتر محسوس کر رہا ہوں‘۔

انہوں نے واپس جانے والے ہیلی کاپٹر کو پورٹیکو برآمدے سے انگوٹھے سے اشارہ کیا جہاں امریکی جھنڈے لگے ہوئے تھے۔

وہ وائٹ ہاؤس میں داخل ہوئے جہاں ان کے مشیر بغیر ماسک کے ان کے ساتھ بلیو روم میں داخل ہورہے تھے۔

امریکی صدر نے والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر سے وائٹ ہاؤس پہنچے تھے جہاں ان کے ڈاکٹر نیوی کمانڈر شان کونلے نے گزشتہ روز کہا تھا کہ صدر اب بھی ایک ہفتے تک بیماری کے پھیلنے کا سبب بن سکتے ہیں پوری طرح اس سے باہر نہیں ہوں گے تاہم ان کی طبیعت ہسپتال سے جانے کے لیے ٹھیک ہوچکی ہے۔

توقع کی جارہی ہے کہ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں اپنا علاج جاری رکھیں گے۔

تاہم انتخابات سے محض ایک ماہ قبل اور پاور شو کے لیے بے چین ڈونلڈ ٹرمپ نے ہسپتال چھوڑنے سے پہلے ٹوئٹ کیا ’جلد ہی انتخابی مہم کے راستے پر واپس آجاؤں گا!‘

یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کی طبیعت بہتر لیکن خطرے سے باہر نہیں، ڈاکٹرز

ٹرمپ نے وائرس کے بارے میں کہا کہ ’اس سے مت ڈرنا، آپ اسے شکست دے دیں گے، ہمارے پاس بہترین طبی سامان ہے، ہمارے پاس بہترین دوائیں ہیں‘، ان کی یہ رائے بہت سخت تھی تاہم جب وہ یہ رائے پیش کر رہے تھے تو وہ معمول سے زیادہ گہری سانسیں لے رہے تھے۔

وائرس سے خوفزدہ نہ ہونے کے بارے میں ٹرمپ کا متنازع پیغام ایسے وقت میں سامنے آیا جب ان کی اپنی انتظامیہ نے امریکیوں سے اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے محتاط رہنے اور احتیاط برتنے کا کہا ہے کیونکہ ملک میں وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں