بدنام کرنے کے کیس میں پائل گھوش نے ریچا چڈھا سے معافی مانگ لی

اپ ڈیٹ 14 اکتوبر 2020
پائل گھوش نے ریچا چڈھا کے خلاف تمام مواد سوشل میڈیا سے ہٹانے کا بھی کہا—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
پائل گھوش نے ریچا چڈھا کے خلاف تمام مواد سوشل میڈیا سے ہٹانے کا بھی کہا—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

بولی وڈ اداکارہ پائل گھوش نے نام بدنام کرنے کے ہتک عزت کے کیس میں بالآخر اداکارہ ریچا چڈھا سے معافی مانگ لی۔

پائل گھوش معافی مانگے جانے سے قبل بار بار سوشل میڈیا پر بیان دیتی دکھائی دی تھیں کہ وہ ریچا چڈھا سے معافی نہیں مانگیں گی۔

دلچسپ بات یہ تھی کہ پائل گوش متعدد سماعتوں کے دوران عدالت کے سامنے معافی مانگے جانے کی رضامندی ظاہر کی تھی تاہم بعد میں سوشل میڈیا پر معافی مانگنے سے انکار کرتی رہیں۔

ریچا چڈا نے پائل گھوش پر ’ریپ‘ واقعے کو بیان کرنے میں اپنا نام لیے جانے پر ایک کروڑ 10 لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

ہرجانے کے مقدمے میں پائل گھوش سمیت ایک نیوز چینل اور نام نہاد فلمی ناقد آر کمال کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔

ریچا چڈھا نے پائل گھوش پر ممبئی ہائی کورٹ میں 7 اکتوبر کو ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

ریچا چڈھا نے اس وقت پائل گھوش کے خلاف دعویٰ دائر کیا تھا جب کہ حال ہی میں پائل گھوش نے ایک انٹرویو میں ریچا چڈھا کا نام لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’ریپ‘ واقعے میں نام لینے پر ریچا چڈھا نے پائل گھوش پر مقدمہ کردیا

ریچا چڈھا نے عدالت میں دائر درخواست میں کہا تھا کہ پائل گھوش نے انٹرویو کے دوران ان کا نام تیسرے فریق کے طور پر لیا اور بتایا کہ انہیں ’ریپ‘ کا نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے فلم ساز انوراگ کشیپ نے بتایا کہ ان کے ایک فون کال پر ریچا چڈھا سمیت دیگر اداکارائیں تیار رہتی ہیں۔

ریچا چڈھا نے ریپ الزامات کے کیس میں اپنا نام لیے جانے پر پائل گھوش کے خلاف مقدمہ کیا تھا، جس کی ابتدائی سماعت 8 اکتوبر کو ہوئی تھی۔

ریچا چڈھا نے اداکارہ کے خلاف 7 اکتوبر کو مقدمہ کیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
ریچا چڈھا نے اداکارہ کے خلاف 7 اکتوبر کو مقدمہ کیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ابتدائی سماعت میں بھی پائل گھوش نے عدالت کے سامنے معافی مانگے جانے کی رضامندی ظاہر کی تھی تاہم بعد ازاں سوشل میڈیا پر بیانات جاری کیے کہ وہ ریچا چڈھا سے معافی نہیں مانگیں گی۔

بعد ازاں 12 اکتوبر کو ہونے والی سماعت کے دوران عدالت نے پائل گھوش کو 2 دن کے اندر معافی مانگنے یا نہ مانگنے سے متعلق عدالت کو آگاہ کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد اداکارہ نے 14 اکتوبر کو معافی مانگ کر عدالت میں دستاویزات جمع کرادیں۔

بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق پائل گھوش نے عدالت میں ریچا چڈھا سے غیر مشروط طور پر معافی مانگنے کے دستاویزات جمع کرائے اور عدالت نے ان کی معافی کی درخواست کو قبول کرلیا۔

پائل گھوش کی جانب سے معافی مانگے جانے کے بعد اب انہیں ہتک عزت کے دعوے میں مزید کسی قانونی کارروائی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، تاہم اسی کیس میں ایک نیوز چینل اور نام نہاد فلمی ناقد آر کمال کو قانونی کارروائیوں کا سامنا کرنے پڑے گا۔

پائل گھوش نے ایک انٹرویو میں ریچا چڈھا کا نام لیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
پائل گھوش نے ایک انٹرویو میں ریچا چڈھا کا نام لیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

رپورٹ کے مطابق عدالت نے نیوز چینل اور فلمی ناقد آر کمال کو بھی 4 ہفتوں کے دوران ہتک عزت کے کیس میں معافی مانگنے یا نہ مانگنے سے متعلق عدالت میں وضاحتی بیان جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

اسی حوالے سے ممبئی مرر نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ پائل گھوش نے اپنے معافی نامے میں بتایا کہ وہ ریچا چڈھا کے خلاف کی گئی تمام سوشل میڈیا پوسٹس کو ہٹادیں گی اور وہ ان کا نام بدنام کیے جانے پر ان سے معافی مانگتی ہیں۔

ساتھ ہی اداکارہ نے عدالت کو معافی نامے میں بتایا کہ اب وہ دوبارہ سوشل میڈیا پر ریچا چڈھا کے خلاف کوئی بھی توہین آموز بات شیئر نہیں کریں گی۔

پائل گھوش کی جانب سے معافی مانگے جانے کو ریچا چڈھا نے بھی اپنے وکلا کے ذریعے قبول کرلیا اور انہوں نے معافی نامے کو تسلیم کرنے کے دستاویزات بھی عدالت میں جمع کروادیے۔

اب ریچا چڈھا کے کیس میں پائل گھوش کو کسی قانونی کارروائی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک
اب ریچا چڈھا کے کیس میں پائل گھوش کو کسی قانونی کارروائی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں