پاکستان میں کورونا کے مزید 806 کیسز سامنے آگئے، 16 مریض جاں بحق

اپ ڈیٹ 28 اکتوبر 2020
پاکستان میں کورونا وائرس کے ابتدائی 2 کیسز 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوئے تھے — فائل فوٹو / اے ایف پی
پاکستان میں کورونا وائرس کے ابتدائی 2 کیسز 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوئے تھے — فائل فوٹو / اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہورہا ہے اور فعال کیسز کی تعداد بڑھ گئی ہے جبکہ موسم کی بدلتی صورتحال کے باعث دوسری لہر کا بھی خدشہ ہے۔

مجموعی طور پر اب تک ملک میں 3 لاکھ 30 ہزار 516 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جس میں سے 3 لاکھ 11 ہزار 814 صحتیاب جبکہ 6 ہزار 766 انتقال کر چکے ہیں۔

پاکستان میں آج 28 اکتوبر کو مزید 806 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 16 مریضوں کا انتقال ہوا اور 374 مریض صحتیاب ہوگئے جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 11 ہزار 936 ہے۔

آج رپورٹ ہونے والے کیسز میں بلوچستان کے گزشتہ روز سامنے آنے والے 20 کیسز جبکہ خیبرپختونخوا کے 770 کیسز اور ایک موت بھی شامل تھی جن کے بعد بلوچستان میں مجموعی کیسز کی تعداد 15 ہزار 859 اور خیبرپختونخوا میں 39 ہزار 189 ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے ابتدائی 2 کیسز 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد سے اب تک وبا کی صورتحال میں خاصی بہتری آچکی ہے لیکن خطرہ ابھی ٹلا نہیں۔

اس عرصے کے دوران سب سے زیادہ تشویش ناک صورتحال جون کے مہینے میں دیکھنے میں آئی، اس ماہ کے دوران یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 6 ہزار اور اموات 100 سے زائد تک جا پہنچی تھیں۔

بعد ازاں جولائی کے مہینے میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن نظر آئی اور کیسز کم ہونا شروع ہوئے اور پھر اگست میں اس میں مزید بہتری رپورٹ ہوئی۔

گزشتہ ماہ میں کورونا وائرس کی صورتحال مزید بہتر ہونے کے بعد 6 ماہ سے زائد عرصے سے بند تعلیمی اداروں کو بھی کھول دیا گیا تھا تاہم ستمبر کے اواخر سے کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

آج 28 اکتوبر کو ملک میں مجموعی صورتحال کچھ اس طرح کی ہے۔

سندھ

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 316 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار 765 ہوگئی۔

صوبے میں وائرس سے مزید 7 مریض جاں بحق ہوئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 2611 ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں وبا سے ایک لاکھ 37 ہزار 656 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

پنجاب

کورونا سے متعلق حکومت کی ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران وبا کے 232 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 3 ہزار 314 ہوگئی۔

صوبے میں مسلسل دوسرے روز وائرس کے 200 سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔

پنجاب میں کورونا سے مزید 6 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 2342 ہوگئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں 97 ہزار 384 افراد وبا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد

دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مزید 119 کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 19 ہزار 300 ہوگئی۔

اسلام آباد میں وائرس سے مزید ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد دارالحکومت میں اموات بڑھ کر 214 ہوگئی ہیں۔

آزاد کشمیر

سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں وبا سے مزید 40 افراد متاثر ہوئے جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 3 ہزار 889 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی اور اموات کی تعداد 87 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وائرس کے 9 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 200 ہوگئی۔

سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گلگت بلتستان میں کورونا سے مزید ایک مریض جاں بحق بھی ہوا جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 92 ہوگئی ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں روز بروز صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 374 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 11 ہزار 814 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 330516

اموات: 6766

صحتیاب: 311814

فعال کیسز: 11936

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار 765 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 3 ہزار 314 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 39 ہزار 189 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 15 ہزار 859 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 19 ہزار 300، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 200 اور آزاد کشمیر میں 3 ہزار 889 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 2611

پنجاب: 2342

خیبرپختونخوا: 1271

بلوچستان: 149

اسلام آباد: 214

گلگت بلتستان: 92

آزاد کشمیر: 87

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں