گلگت کی انتخابی مہم میں مصروف قمر زمان کائرہ، کیپٹن (ر) صفدر کورونا سے متاثر

دونوں رہنما انتخابی مہم کے سلسلے میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ گلگت بلتستان میں موجود تھے — تصویر: فیس بک
دونوں رہنما انتخابی مہم کے سلسلے میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ گلگت بلتستان میں موجود تھے — تصویر: فیس بک

ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر میں تیزی دیکھی جارہی ہے اور وائرس سے مختلف سیاستدان اور وزرا بھی متاثر ہوچکے ہیں جن میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما قمر زمان کائرہ اور مسلم لیگ (ن) کے کیپٹن (ر) محمد صفدر بھی شامل ہیں۔

قمر زمان کائرہ انتخابی مہم کے سلسلے میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ گلگت بلتستان میں موجود تھے اور کئی مواقع پر انہوں نے بلاول بھٹو کی گاڑی بھی چلائی۔

ادھر کیپٹن (ر) صفدر بھی انتخابی مہم کے سلسلے میں مریم نواز کے ہمراہ گلگت بلتستان میں موجود تھے اور 2 روز قبل اسلام آباد واپس آئے تھے جہاں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وہ کل رات لاہور پہنچے تھے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کورونا وائرس کا ایک ٹیسٹ گلگت بلتستان اور دوسرا اسلام آباد میں کروایا اور دونوں ٹیسٹس کے نتائج مثبت آئے جبکہ وائرس کی تشخیص کے بعد وہ انتخابی مہم چھوڑ کر واپس آگئے اور خود کو قرنطینہ کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: عامر لیاقت اور اہلیہ طوبیٰ عامر بھی کورونا وائرس کا شکار

کیپٹن (ر) صفدر کو اسکردو انتخابی مہم کے دوران بخار اور نزلے کی شکایت ہوئی تھی جس پر اسلام آباد میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا تھا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ نے بتایا کہ ڈاکٹرز کی ہدایت پر کیپٹن (ر) صفدر کو شریف میڈیکل سٹی ہسپتال کے شعبہ انتہائی نگہداشت میں داخل ہیں اور ان کی حالت تسلی بخش ہے جبکہ دیگر ٹیسٹس اور علاج جاری ہے۔

دوسری جانب وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے قمر زمان کائرہ کی صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ قمر زمان کائرہ پارٹی کا بڑا اثاثہ ہیں جو کووِڈ 19 کا شکار ہوگئے ہیں۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ قمر زمان کائرہ گزشتہ 16 دنوں سے ہمارے پارٹی کے چیئرمین کے ہمراہ انتخابی مہم چلا رہے تھے۔

مریم نواز کا ٹیسٹ منفی آگیا

ادھر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد مریم نواز نے بھی اپنا ٹیسٹ کرایا جس کا نتیجہ منفی آگیا۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مریم نواز کے ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لیگی نائب صدر نے اسکردو سے اسلام آباد واپسی پر کورونا ٹیسٹ کروایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اسکردو میں طبیعت خراب ہونے پر واپس اسلام آباد آگئے تھے اور ان کا کورونا مثبت آیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کروانے کے بعد مریم نواز دوبارہ گلگت بلتستان کے دورے پر روانہ ہوگئی ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس پھیلنے کے بعد سیاستدانوں میں وائرس کا پہلا شکار پیپلزپارٹی کے صوبائی وزیر سعید غنی بنے تھے جن کے بعد متعدد سیاستدان، وزرا، اراکین اسمبلی اور دیگر عہدیداران اس کا شکار بن چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کورونا وائرس میں مبتلا

حال ہی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین وائرس کا شکار بنے تھے اور گزشتہ ماہ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

ان کے علاوہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے جو معروف شخصیات وائرس کا شکار بنیں، ان میں اسپیکر قومی اسمبلی، اسد قیصر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، شہریار آفریدی، فرخ حبیب، تیمور سلیم جھگڑا شامل ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے علاوہ حمزہ شہباز، شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، عطا تارڑ، نہال ہاشمی، ایاز صادق، احسن اقبال اور دیگر وائرس کا شکار بنے۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کے احسن اقبال، پی ٹی آئی کے فرخ حبیب بھی کورونا میں مبتلا

علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے یوسف رضا گیلانی، نیئر بخاری وائرس سے متاثر ہونے والوں میں شامل ہیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا، سندھ کے وزیر انسانی تصفیہ غلام مرتضیٰ بلوچ، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی جمشید الدین کاکاخیل اور مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ اور پیپلز پارٹی کے راشد ربانی کورونا وائرس کے باعث انتقال کرچکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں