• KHI: Zuhr 12:28pm Asr 4:55pm
  • LHR: Zuhr 11:58am Asr 4:26pm
  • ISB: Zuhr 12:04pm Asr 4:31pm
  • KHI: Zuhr 12:28pm Asr 4:55pm
  • LHR: Zuhr 11:58am Asr 4:26pm
  • ISB: Zuhr 12:04pm Asr 4:31pm

لاہور قلندرز پی ایس ایل 2020 کے فائنل میں، سلطانز کو 25 رنز سے شکست

شائع November 15, 2020 اپ ڈیٹ November 16, 2020
ڈیوڈ ویزے نے شان دار کارکردگی دکھائی—فوٹو: اے پی
ڈیوڈ ویزے نے شان دار کارکردگی دکھائی—فوٹو: اے پی
تمیم اقبال 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو:لاہور قلندرز ٹوئٹر
تمیم اقبال 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو:لاہور قلندرز ٹوئٹر

لاہور قلندرز نے ڈیوڈ ویزے کی شان دار کارکردگی کے باعث ملتان سلطانز کو 25 رنز سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل تک رسائی کر لی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے دوسرے ایلیمنیٹر میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور تمیم اقبال نے 46 رنز کا اچھا آغاز کیا جبکہ جنید خان نے 20 رنز بنانے والے تمیم اقبال کو آؤٹ کرکے پہلی کامیابی حاصل کی۔

کپتان سہیل اختر صرف 5 رنز بنا کر 54 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد محمد حفیظ نے 19 رنز کا اضافہ کرتے ہوئے اسکور کو 94 رنز پہنچایا اور شاہد آفریدی کو وکٹ دے کر چلے گئے۔

فخر زمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 105 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے تو وہ نصف سنچری سے محض 4 رنز کی دوری پر تھے۔

شاہد آفریدی نے جارح مزاج بلے باز بین ڈنک کو 3 رنز تک محدود ضرور کردیا لیکن ڈیوڈ ویزے اور سمت پٹیل بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو ایک بہترین مجموعے تک پہنچادیا۔

سمت پٹیل آخری اوورز میں 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 182 رنز بنائے۔

ڈیوڈ ویزے نے آؤٹ ہوئے بغیر سب سے زیادہ 48 رنز بنائے، جس کے لیے انہوں نے صرف 21 گیندوں کا سامنا کیا، 5 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے شاہد آفریدی نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

ملتان سلطانز نے ہدف کے تعاقب میں پہلی وکٹ 47 رنز پر ذیشان اشرف کی صورت میں گری، جنہوں نے صرف 12 رنز بنائے تھے۔

انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے ایڈم لیتھ نے اپنی بیٹنگ جاری رکھی اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھاتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

ڈیوڈ ویزے نے بیٹنگ کے باؤلنگ میں بھی ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے ایڈم لیتھ کی وکٹ حاصل کی، لیتھ 80 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

کپتان شان مسعود نے ریلی روسو کے ساتھ اسکور کو 102 رنز تک پہنچایا اور 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

حارث روؤف نے رلی روسو کی اننگز 18 رنز پر ختم کردی اور شاہد آفریدی کو صفر پر آؤٹ کردیا، جس کے بعد ڈیوڈ ویزے نے سہیل تنویر کی وکٹ حاصل کی۔

خوشدل شاہ نے 19 گیندوں پر 30 رنز بنا کر مزاحمت کی کوشش کی لیکن شاہین شاہ آفریدی نے 155 کے اسکور پر ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا اور اس کے بعد محمد الیاس کی وکٹ بھی حاصل کی۔

عمران طاہر آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے جنہیں دلبرحسین نے آؤٹ کیا۔

ملتان سلطانز کی پوری ٹیم آخری اوور میں 157 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

قلندرز کی جانب سے ڈیوڈ ویزے اور حارث روؤف نے 3،3 اور شاہین آفریدی کی دو وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

لاہور قلندرز: سہیل اختر (کپتان)، فخرزمان، تمیم اقبال، محمد حفیظ، بین ڈنک، سمت پٹیل، ڈیو ویزے، محمد فیضان، شاہین آفریدی، حارث رؤف، دلبر حسین

ملتان سلطانز: شان مسعود (کپتان)، ذیشان اشرف، ایڈم لیتھ، ریلی روسو، روی بوپارا، خوشدل شاہ، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، محمد الیاس، عمران طاہر، جنید خان

گزشتہ روز کوالیفائر میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر براہ راست فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا۔

پی ایس ایل 2020 کے پہلے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر زلمی کو لیگ سے باہر کردیا تھا۔

پہلے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے تھے جس میں شعیب ملک 39 رنز بنا کر نمایاں تھے۔

لاہور قلندرز نے ہدف کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے ہدف 19 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے فائنل میں پہنچنے کے لیے مزید ایک قدم آگے بڑھا لیا، جبکہ پشاور زلمی ایونٹ سے باہر ہوگئی۔

کارٹون

کارٹون : 13 ستمبر 2024
کارٹون : 12 ستمبر 2024