عدالت نے گلوکارہ صنم ماروی کے بچوں کی حوالگی کا معاملہ نمٹا دیا

اپ ڈیٹ 24 نومبر 2020
صنم ماروی نے کم عمری میں گلوکاری کا آغاز کیا تھا—فوٹو: فیس بک
صنم ماروی نے کم عمری میں گلوکاری کا آغاز کیا تھا—فوٹو: فیس بک

لاہور کی فیملی کورٹ نے گلوکارہ صنم ماروی اور ان کے سابق شوہر حامد خان کے درمیان بچوں کی حوالگی کا کیس نمٹا دیا۔

گلوکارہ صنم ماروی اور ان کے شوہر کے درمیان رواں برس خلع ہوگئی تھی، گلوکارہ نے سابق شوہر پر تشدد اور بچوں کے ساتھ ناروا سلوک جیسے الزامات عائد کیے تھے۔

اگرچہ صنم ماروی کے سابق شوہر نے خود پر لگے الزامات کی تردید کردی تھی تاہم بعد ازاں دونوں میں بچوں کی حوالگی سے متعلق کیس چلتا رہا۔

یہ بھی پڑھیں: صنم ماروی اور حامد خان کے درمیان خلع ہوگئی

عدالت میں کیس چلنے کے دوران بچے زیادہ تر والد کے پاس ہی تھے، جس کی وجہ سے متعدد بار صنم ماروی کی طبیعت بھی بگڑ گئی۔

بچوں سے دوری کی وجہ سے صنم ماروی ڈپریشن کا شکار ہوکر رواں ماہ کے آغاز میں ہسپتال میں بھی داخل ہوئی تھیں، تاہم جلد ہی انہیں ڈسچارج کردیا گیا تھا۔

گلوکارہ نے شوہر پر تشدد کے الزامات کے بعد خلع حاصل کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
گلوکارہ نے شوہر پر تشدد کے الزامات کے بعد خلع حاصل کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

صنم ماروی اور ان کے سابق شوہر کے درمیان تین بچوں کی حوالگی کا کیس چند ماہ سے عدالت میں زیر سماعت تھا تاہم گزشتہ ہفتے عدالت نے کیس کو نمٹا دیا۔

مزید پڑھیں: گلوکارہ صنم ماروی کے الزامات، شوہر نے مسترد کردیے

گلوکارہ صنم ماروی نے بچوں اور سابق شوہر کے ساتھ عدالتی فیصلے کے بعد کھچوائی گئی تصویر فیس بک پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ عدالت نے بچوں کی حوالگی کا کیس نمٹا دیا۔

تصویر میں گلوکارہ اور ان کے سابق شوہر کے وکلا بھی تھے۔

اداکارہ نے بتایا کہ معزز عدالت نے بچوں کی حوالگی کا کیس نمٹاتے ہوئے بچوں کو 4 دن والدہ جب کہ تین دن والد کے پاس رہنے کا حکم دیا۔

گلوکارہ نے عدالتی فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب بچے ان کے پاس رہ کر اپنی تعلیم مکمل کر سکیں گے۔

گلوکارہ نے اس موقع پر اپنے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈپریشن اور بلڈ پریشر کے باعث صنم ماروی ہسپتال داخل

خیال رہے کہ صنم ماروی کی یہ دوسری شادی تھی، ان کے پہلے شوہر آفتاب احمد کو 2009 میں سندھ کے دارالحکومت کراچی میں قتل کردیا گیا تھا۔

ان کے پہلے شوہر کو ایک ایسے وقت میں قتل کیا گیا تھا جب وہ پہلے بچے کی اُمید سے تھیں۔

صنم ماروی نے محض 18 سال کی عمر میں پہلی شادی کی تھی اور پہلے شوہر کے قتل کے چند سال بعد انہوں نے دوسری شادی، حامد خان سے کی، جو ان کے کزن بھی ہیں۔

صنم ماروی کو سب سے زیادہ شہرت کوک اسٹوڈیو سیزن 4 سے حاصل ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے ٹی وی اور ریڈیو سمیت لائیو پرفارمنس میں بھی اپنا نام بنایا۔

جلد ہی وہ کوک اسٹوڈیو کے نئے سیزن میں بھی دکھائی دیں گی۔

جلد ہی صنم ماروی کوک اسٹوڈیو کے نئے سیزن میں بھی دکھائی دیں گی—فائل فوٹو: فیس بک
جلد ہی صنم ماروی کوک اسٹوڈیو کے نئے سیزن میں بھی دکھائی دیں گی—فائل فوٹو: فیس بک

تبصرے (0) بند ہیں