اسلام آباد کے ہسپتالوں کو آئیسولیشن وارڈز کی تعداد بڑھانے کی ہدایت

اپ ڈیٹ 24 نومبر 2020
پمز ہسپتال کو بھی بستروں کی گنجائش 115 سے بڑھا کر 175 کرنے کا کہا گیا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پمز ہسپتال کو بھی بستروں کی گنجائش 115 سے بڑھا کر 175 کرنے کا کہا گیا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ نے کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کا علاج کرنے والے تمام نجی اور سرکاری ہسپتالوں سے کہا ہے کہ کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر آئیسولیشن وارڈز کی تعداد میں اضافے کے علاوہ مزید بستروں اور وینٹیلیٹرز کا انتطام کریں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ نجی ہسپتالوں کے کچھ نمائندوں نے اس مسئلے پر بات چیت اور ضروری انتظامات کرنے کے لیے دارالحکومت کی انتظامیہ کے عہدیداروں سے ملاقات کی، ان سہولیات کا انتظام ان ہسپتالوں میں بھی کیا جائے گا جو کووڈ 19 کے مریضوں کا علاج نہیں کررہے۔

اس وقت 12 سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں آئیسولیشن وارڈ، 362 بستر اور 69 وینٹیلیٹرز کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے مختص ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کی دوسری لہر: ملک میں تقریباً 3 ہزار نئے کیسز، 48 اموات کا اضافہ

حکام کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں وینٹیلیٹرز اور ہسپتالوں کے بستروں کا استعمال ملک میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ یعنی 68 اور 69 فیصد ہے۔

دارالحکومت انتظامیہ کے ترجمان نعمان ناظم نے ڈان کو بتایا کہ 5 نجی ہسپتالوں کے نمائندوں نے چیف کمشنر کے دفتر میں ڈائریکٹر آصف رحیم سے ملاقات کی اور 45 سے 48 بستروں کا بندوبست کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

انہوں نے بتایا کہ پمز ہسپتال کو بھی بستروں کی گنجائش 115 سے بڑھا کر 175 کرنے کا کہا گیا ہے۔

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے مزید 537 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 27 ہزار 555 ہوگئی۔

مزید پڑھیں: کووِڈ 19 کے ردِ عمل کی افادیت سے متعلق پروگرام پر عملدرآمد میں تاخیر

دارالحکومت میں کورونا سے مزید 6 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 285 ہوگئیں۔

راولپنڈی

راولپنڈی کے کمشنر کیپٹن (ر) محمد محمود نے کہا کہ کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے تاہم ہسپتالوں میں مریضوں کو داخل کرنے کی گنجائش موجود ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز 136 نئے مریض راولپنڈی کے کنٹونمنٹ اور شہری علاقوں، 5 گوجر خان، 4 مری، 8 ٹیکسلا، 2 کلر کہار اور ایک کہوٹہ میں سامنے آیا۔

مارچ میں وبا کے آغاز سے 23 نومبر تک راولپنڈی میں 9 ہزار 430 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جن میں سے 365 مریض انتقال کر گئے۔

اٹک

ترجمان پنجاب پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق گزشتہ روز تک اٹک ضلع میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 738 تک پہنچ گئی تھی جبکہ اب تک وبا کے باعث 21 اموات ہوچکی ہیں۔

ڈپٹی ڈسٹرک افسر ہیلتھ ڈاکٹر سارا قدیر کا کہنا تھا کہ ضلع میں زیادہ تر کیسز واہ کینٹ کے شہری علاقے سے تعلق رکھتے ہیں اور علاقے میں فعال کیسز کی تعداد 59 تک پہنچ گئی ہے۔

جہلم

جہلم میں گزشتہ روز طلبہ اور اساتذہ سمیت 15 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد 2 اسکولوں کو سیل کردیا گیا۔

ضلع میں گزشتہ روز فعال کیسز کی تعداد 84 تک پہنچ گئی تھی، محکمہ صحت کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق 14 مریض ڈسٹرک ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں زیر علاج اور بقیہ گھروں پر آئیسولیٹ ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں