پاکستان میں مسلسل چوتھے روز کورونا وائرس کے یومیہ کیسز 3 ہزار سے زائد

28 نومبر 2020
پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال ایک مرتبہ پھر تشویشناک حد تک جاتی دکھائی دے رہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال ایک مرتبہ پھر تشویشناک حد تک جاتی دکھائی دے رہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کو متاثر اور لاکھوں کی اموات کا سبب بننے والے مہلک کورونا وائرس کی پاکستان میں دوسری لہر جاری ہے اور مسلسل چوتھے روز ملک میں 3 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 92 ہزار 356 ہے جس میں سے 3 لاکھ 37ہزار 553 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 7 ہزار 942 تک پہنچ گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے 3 ہزار 45 کیسز اور 45 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ ایک ہزار 672 مریض صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 46 ہزار 861 تک پہنچ گئی۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جو جون میں عروج پر پہنچ گیا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی ہے اور حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

آج 28 نومبر کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

صوبہ سندھ، جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، وہاں 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 423 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 70 ہزار 206 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس عالمی وبا کے باعث سندھ میں مزید 12 مریض انتقال کرگئے اور یوں صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 897 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 738 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 17 ہزار 898 ہوگئی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 15 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 2 ہزار 960 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 323 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 46 ہزار 604 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 9 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 355 تک جا پہنچی۔

بلوچستان

صوبہ بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 38 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 17 ہزار 46 ہوگئے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 165 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 447 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 29 ہزار 427 ہوگئی۔

دارالحکومت میں کورونا سے مزید 2 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 307 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 55 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 6 ہزار 556 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 161 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے 21 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 619 ہوگئی۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک فرد وائرس سے انتقال کرگیا اور یوں مجموعی اموات کی تعداد 97 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 672 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 37 ہزار 553 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 392356

صحتیاب: 337553

اموات: 7942

فعال کیسز: 46861

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 70 ہزار 206 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 17 ہزار 898 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 46 ہزار 604 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 17 ہزار 46 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 29 ہزار 427 ، آزاد کشمیر میں 6 ہزار 556 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 619 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 2897

پنجاب: 2960

خیبرپختونخوا: 1355

بلوچستان: 165

اسلام آباد: 307

آزاد کشمیر: 161

گلگت بلتستان: 97

تبصرے (0) بند ہیں