• KHI: Fajr 5:40am Sunrise 7:01am
  • LHR: Fajr 5:19am Sunrise 6:45am
  • ISB: Fajr 5:27am Sunrise 6:55am
  • KHI: Fajr 5:40am Sunrise 7:01am
  • LHR: Fajr 5:19am Sunrise 6:45am
  • ISB: Fajr 5:27am Sunrise 6:55am

صوابی: جرگہ میں دو خاندانوں کے درمیان مسلح تصادم، 8 افراد ہلاک

شائع November 28, 2020
زمین کے ایک ٹکڑے پر دونوں خاندانوں کی جانب سے ملکیت کا دعویٰ تھا — فوٹو: ڈان نیوز
زمین کے ایک ٹکڑے پر دونوں خاندانوں کی جانب سے ملکیت کا دعویٰ تھا — فوٹو: ڈان نیوز

خیبرپختونخوا کے شہر صوابی میں زمین کے تنازع کے حل کے لیے جاری جرگے میں ایک ہی برادری کے دو خاندانوں کے درمیان فائرنگ سے 8 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔

فراہم کردہ معلومات کے مطابق دونوں خاندان رشتے دار تھے اور فریقین مقامی جرگے میں زمین کے تنازع کے حل کے لیے موجود تھے۔

مزید پڑھیں: ضلع خیبر میں کھیل کے دوران تکرار پر فائرنگ، 2 فٹبالر جاں بحق

افسوسناک واقعہ تاریخی گاؤں چھوٹا لاہور میں پیش آیا جہاں ایک خاندان کا تعلق چھوٹا لاہور جبکہ دوسرا یار حسین گاؤں سے تھا۔

ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس نے بتایا کہ دونوں خاندانوں کے اراکین صبح کے وقت اراضی کے معاملے پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے جمع ہوئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ زمین کے ایک ٹکڑے پر دونوں خاندانوں کی جانب سے ملکیت کا دعویٰ تھا۔

پولیس کے مطابق فریقین اپنے ہمراہ اسلحہ بھی لے کر آئے تھے۔

علاوہ ازیں پولیس نے بتایا کہ سابق رکن قومی اسمبلی سردار علی کے مہمان خانے میں جرگہ منعقد ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: دیر بالا: دو گروہوں کے درمیان مسلح تصادم، 9 افراد ہلاک

اس حوالے سے بتایا گیا کہ جرگہ میں دونوں فریقین کے مابین صلح کی کوشش کی جارہی تھی کہ اس دوران تلخ کلامی بڑھ گئی۔

جرگہ کے اراکین کو خطرے کا ادراک نہیں ہوا اور وہ جرگہ کے دوران فریقین کو غیر مسلح کرنے میں ناکام رہے۔

جرگہ کے دوران تلخ کلامی بڑھ گئی اور فریقین نے ایک دوسرے پر فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاندان کے 5 اور دوسرے خاندان کے 3 افراد ہلاک ہوئے۔

علاوہ ازیں بتایا گیا کہ تصادم جرگے کے اراکین کی موجودگی میں ہوا۔

ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت عبید خان، سکندر خان، وقاص خان، اکمل خان، عبید اللہ، سعید الرحمٰن اور ناصر خان کے نام سے ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: ملتان: دو گروہوں میں تصادم، فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق

زخمیوں کو باچا خان ہسپتال کمپلیکس شاہان منصور منتقل کردیا گیا اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے چھوٹا لاہور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

چھوٹا لاہور سٹی پولیس اسٹیشن نے واقعے کی ایف آئی آر درج کرلی۔

کارٹون

کارٹون : 2 دسمبر 2024
کارٹون : 1 دسمبر 2024