جنوبی افریقہ کا 14سال بعد دورہ پاکستان کا اعلان

اپ ڈیٹ 09 دسمبر 2020
جنوبی افریقی ٹیم دو ٹیسٹ اور تین ٹی20 میچز کی سیریز کھیلے گی— فائل فوٹو: اے ایف پی
جنوبی افریقی ٹیم دو ٹیسٹ اور تین ٹی20 میچز کی سیریز کھیلے گی— فائل فوٹو: اے ایف پی

جنوبی افریقہ نے 14 سال بعد دورہ پاکستان اعلان کردیا ہے جس میں دو ٹیسٹ اور تین ٹی20 میچز کھیلے جائیں گے۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم 16 جنوری کو کراچی پہنچے گی جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں ی سیریز کھیلی جائے گی جو ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہو گی۔

مزید پڑھیں: دورہ نیوزی لینڈ: قومی کرکٹرز کو دو ہفتے کے آئسولیشن سے نجات مل گئی

سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 جنوری تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی 4-8 فروری تک راولپنڈی کرے گا۔

اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 11، 13 اور 14 فروری کو تین ٹی20 میچوں کی سیریز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔

یہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کا 2007 کے بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہو گا جہاں پروٹیز نے کراچی ٹیسٹ میچ میں 160 رنز سے کامیابی سمیٹ کر سیریز بھی 0-1 سے اپنے نام کر لی تھی۔

اس کے بعد پاکستان نے 2010 اور 2013 میں دو مرتبہ متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں جنوبی افریقہ کی میزبانی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ، جنوبی افریقہ ایک روزہ سیریز کورونا کیسز کے باعث منسوخ

دونوں ٹیموں کے درمیان 1995 سے اب تک کُل 11 ٹیسٹ سیریز کھیلی جا چکی ہیں جس میں سے جنوبی افریقہ نے 7 میں فتح حاصل کی جبکہ پاکستان اب تک صرف ایک سیریز جیتنے میں کامیاب رہا جو 2003 میں کھیلی گئی تھی۔

یہ پہلا موقع ہو گا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پاکستان میں ٹی20 سیریز کھیلی جائے گی جہاں اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی دونوں سیریز جنوبی افریقہ کی ٹیم جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔

2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں ہوئے دہشت گرد حملے کے بعد سے پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے اور اس کے بعد 10 سال تک پاکستان نے ٹیسٹ میچ کی میزبانی نہیں کی تھی۔

تاہم 10سال کے طویل انتظار کے بعد حملے کا نشانہ بننے والی سری لنکن ٹیم نے ہی پاکستان میں پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا جب دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں دو ٹیسٹ میچز کیلئے مضبوط سری لنکن اسکواڈ کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے کہا کہ جنوبی افریقہ کا دورہ پاکستان اور تین مختلف شہروں میں میچز کھینے پر رضامندی ظاہر کی ہے جو پاکستانی شائقین کے لیے خوش آئند خبر ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی خوش آئند ہے کہ پاکستان 2021 کا آغاز جنوبی افریقہ کی میزبانی سے کرے گا اور اسی سال ہمیں ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی میزبانی بھی کرنی ہے اور پھر پاکستان کو ایشیا کپ اور ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت بھی کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2020 کا سال انتہائی چیلنجنگ تھا لیکن اس کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ 21-2020 کے 60فیصد میچز کا اب تک کامیابی سے انعقاد کر چکا ہے اور ہم کووڈ-19 پروٹوکولز کے تحت اس سیریز کے لیے تمام لاجسٹک انتظامات مکمل کر لیں گے۔

کرکٹ جنوبی افریقی کے ڈائریکٹر کرکٹ اور سابق کپتان گریم اسمتھ نے کہا کہ وہ کئی مرتبہ پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں اور جانتے پیں کہ یہاں کے عوام کرکٹ سے کس حد تک محبت کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: زمبابوے کی ٹیم کو دورہ پاکستان کی اجازت مل گئی

انہوں نے بتایا کہ چند ہفتے قبل جنوبی افریقہ کے سیکیورٹی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور وفد کی سفارشات اور تجاویز نے دورہ پاکستان سے متعلق فیصلہ کرنے میں بہت رہنمائی کی، اب ہم ایک یادگار دورے کے منتظر ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے جنوبی افریقی ٹیم کے دورہ پاکستان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہو گا کہ وہ ہوم گراؤنڈ پر کرکٹ کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ آئندہ سال پاکستانی ٹیم کو دنیا کی چند مضبوط ٹیموں کے کلاف متواتر کرکٹ کھیلنی ہے جو ٹیم کی عالمی رینکنگ بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو گی۔

تبصرے (0) بند ہیں