’اسٹار وارز‘ کے ’بوبا فیٹ‘ چل بسے

اپ ڈیٹ 18 دسمبر 2020
جیرمی بلوک نے روبوٹ طرز کے کردار بوبا فیٹ سے شہرت حاصل کی—فائل فوٹو: فیس بک/ اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
جیرمی بلوک نے روبوٹ طرز کے کردار بوبا فیٹ سے شہرت حاصل کی—فائل فوٹو: فیس بک/ اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

شہرہ آفاق سائنس فکشن فلم سیریز ’اسٹار وارز‘ کی پہلی ٹرائلوجی میں سائنس فکشن کردار ’بوبا فیٹ‘ کا کردار ادا کرنے والی برطانوی اداکار جیرمی بلوک 75 سال کی عمر میں چل بسے۔

جیرمی بلوک نے انتہائی کم عمری میں اداکاری کی شروعات کی اور انہوں نے تھیٹرز سمیت کمرشلز میں بھی کام کیا۔

جیرمی بلوک کا شمار ان اداکاروں میں ہوتا ہے، جنہوں نے کبھی بھی چھوٹے اور مختصر کردار ادا کرنے سے معذرت نہیں کی اور انہوں نے متعدد فلموں اور ٹی وی سیریلز میں مختصر کردار بھی ادا کیے۔

جیرمی بلوک نے اگرچہ 1960 میں ہی برطانوی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے، تاہم انہیں اس وقت زیادہ توجہ حاصل ہوئی، جب انہوں نے 1980 کے بعد معروف فلم سیریز ’اسٹار وارز‘ میں کام کیا۔

’اسٹار وارز‘ میں کام سے 2 دہائیاں قبل ہی وہ فلموں میں بھی جلوہ گر ہوچکے تھے اور ان کی پہلی فلم 1968 میں ریلیز ہوئی تھی تاہم اس کے باوجود انہیں ’بوبا فیٹ‘ کا کردار ادا کرنے سے زیادہ شہرت ملی۔

جیرمی بلوک نے ’اسٹار وارز‘ کی 1980 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دی امپائر اسٹرائیکس بیک‘ اور 1983 میں ریلیز ہونے والی فلم ’رٹرن آف دی جوڈی‘ میں فکشنل کردار ’بوبا فیٹ‘ ادا کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’جیمز بانڈ‘ سیریز کے پہلے جاسوس چل بسے

یہ کردار دراصل جرائم پیشہ شخص کا ساتھی ہوتا ہے، جو اس کے برے کاموں میں اس کا ساتھ دیتا ہے۔

بوبا فیٹ روبوٹ طرز کا ولن کردار تھا—اسکرین شاٹ/ لوکاس فلم/ یوٹیوب
بوبا فیٹ روبوٹ طرز کا ولن کردار تھا—اسکرین شاٹ/ لوکاس فلم/ یوٹیوب

علاوہ ازیں جیرمی بلوک نے شہرہ آفاق جاسوس فلم سیریز ’جیمز بانڈ‘ کی بھی دو فلموں میں کام کیا، انہوں نے اس سیریز کی فار یوئر آئز اونلی اور آکٹوپسی میں بھی کام کیا۔

علاوہ ازیں جیرمی بلوک نے متعدد تاریخی، بائیوگرافیکل، سائنس فکشن، رومانٹک و کامیڈی فلموں میں بھی کام کیا اور انہوں نے مجموعی طور پر 4 درجن کے قریب فلموں اور اتنے ہی ڈراموں میں اداکاری کی۔

جیرمی بلوک گزشتہ کچھ عرصے سے پارکنسن کی بیماری میں مبتلا تھے اور وہ کئی ماہ سے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں جیرمی بلوک کے اہل خانہ اور ان کے معاملات دیکھنے والی ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اداکار 17 دسمبر کو چل بسے۔

جیرمی بلوک کی موت پر برطانوی و امریکی ہولی وڈ اسٹارز، فلم و ڈراما سازوں سمیت پروڈکشن کمپنیوں کے عہدیداروں نے بھی افسوس کا اظہار کیا۔

جیرمی بلوک کی آخری فلم 5 سال قبل 2015 میں سامنے آئی تھی تاہم اس میں انہوں نے مختصر کردار ادا کیا تھا، اسی طرح وہ آخری 2 دہائیوں سے فلموں اور ڈراموں میں مختصر کرداروں میں دکھائی دیے۔

جیرمی بلوک کو چند سال سے پارکنسن کی بیماری تھی اور انہوں نے اپنی سرگرمیوں کو بھی محدود کردیا تھا، زائد العمر ہونے کی وجہ سے زندگی کے آخری ایام میں انہیں صحت کے دوسرے مسائل بھی ہوئے، جس وجہ سے انہیں ہسپتال داخل کرایا گیا تھا۔

جیرمی بلوک پارکنسن میں مبتلا تھے—فائل فوٹو: اے پی
جیرمی بلوک پارکنسن میں مبتلا تھے—فائل فوٹو: اے پی

تبصرے (0) بند ہیں