بلوچستان کے دو سابق وزرائے اعلیٰ کے خلاف نیب تحقیقات کی منظوری

اپ ڈیٹ 23 دسمبر 2020
نیب چیئرمین نے سابق وزرائے اعلیٰ ثناللہ زہری اور عبدالمالک بلوچ کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی— فائل فوٹوز: اے پی پی
نیب چیئرمین نے سابق وزرائے اعلیٰ ثناللہ زہری اور عبدالمالک بلوچ کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی— فائل فوٹوز: اے پی پی

اسلام آباد: بلوچستان کے دو سابق وزرائے اعلیٰ ثنا اللہ زہری اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے ریڈار پر آ گئے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق منگل کو نیب چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں دونوں سابق وزرائے اعلیٰ کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی گئی، ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے نیب کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ ثنااللہ زہری اور ڈاکٹر عبدالمالک کے خلاف 'اختیارات کے ناجائز استعمال' کے سلسلے میں انکوائری شروع کی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: نیب اجلاس:7ریفرنسز کی منظوری، پرویز الہٰی کے خلاف انویسٹی گیشن بند

نیب کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ اجلاس میں مختلف شخصیات کے خلاف 15 انکوائریز کے آغاز کی منظوری دی گئی جن میں بلوچستان کے دو سابق وزرائے اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک اور ثنا اللہ زہری اور سابق سیکریٹری محکمہ داخلہ کوئٹہ اکبر درانی شامل ہیں۔

اجلاس میں نیب کے ڈپٹی چیئرمین حسین اصغر، پراسیکیوٹر جنرل (احتساب) سید اصغر حیدر، ڈائریکٹر جنرل (آپریشنز) ظاہر شاہ اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

نیب بورڈ نے قومی خزانے کو 49 کروڑ 90 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا کر ذاتی مفادات کے لیے سرکاری فنڈز کے ناجائز اور غلط استعمال پر عمران علی یوسف اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی، ایک اور ریفرنس کوئٹہ کے بورڈ آف ریونیو کے سابق اراکین سرور جاوید اور شہباز خان مندوخیل کے خلاف غیر قانونی طور پر دلشاد اختر کو سرکاری اراضی الاٹ کرنے کے لیے منظور کیا گیا جس سے قومی خزانے کو 6 کروڑ 48 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: ریکوڈک کیس: نیب نے سرکاری افسران، غیر ملکی کمپنیوں کے خلاف ریفرنس دائر کردیا

اجلاس میں مختلف افراد کے خلاف آٹھ تفتیشوں کی منظوری دی گئی جس میں سابق رکن قومی اسمبلی مدثر قیوم نیہرا، سابق رکن قومی اسمبلی اظہر قیوم نیہرا، سابق ڈائریکٹر فوڈ پنجاب محمد آصف بلال، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ پنجاب احمد شیر، بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ، بلوچستان انٹیگریٹڈ واٹر ریسورس منیجمنٹ اینڈ ڈیولپمنٹ پراجیکٹ؛ سرکاری ٹھیکیدار حاجی ظریف حسین زئی، نوشکی ضلع کے محکمہ ریونیو کی انتظامیہ، ڈیرہ غازی خان کی ٹیچنگ ڈی ایچ کیو ہسپتال کے عہدیداران اور لاہور کے میسرز عبداللہ شوگر ملز لمیٹڈ شامل ہیں۔

اجلاس میں رکن پنجاب اسمبلی اور پنجاب پبلک لمیٹڈ کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو سیف الملوک کھوکر، سابق وزیر محکمہ تعلیم کوئٹہ رحیم زیارتوال، رکن بلوچستان اسمبلی جمعہ خان، سابق ایڈیشنل چیف سیکریٹری نصیب اللہ بازئی، میسرز اسٹارٹیک ٹریڈرز کے طارق مرتضیٰ، سابق رکن صوبائی اسمبلی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے سابق رکن مہر اعجاز احمد مچلانہ، سابق رکن صوبائی اسمبلی اور لیاقت پور کے محکمہ ریونیو کے اہلکار رئیس ابراہیم خلیل احمد، سابق چیئرمین پاکستان ریلوے عارف عظیم، جنرل منیجر گیپکو، گوجرانوالہ محسن رضا، سابق اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر (محصول) گجرات مسز رانی حفزہ کنول اور میسرز عبداللہ شوگر ملز کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی گئی۔

نیب بورڈ نے اختر حسین، سبینہ سیماب، شہناز قمر، مقصود احمد، احسن سرور بٹ اور دیگر کے خلاف انکوائریز کو قانون کے مطابق مزید کارروائی کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو بھیج دیا ہے۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کی نیب عدالتوں کو کارروائی تیز کرنے کی ہدایت

چیئرمین نیب نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ میگا بدعنوانی کے مقدمات قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ نیب نے قومی خزانے میں بالواسطہ یا بلاواسطہ ریکارڈ 714 ارب روپے جمع کروائے ہیں اور مشہور بین الاقوامی اداروں نے اس کی کارکردگی کو سراہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ نیب کی کسی جماعت، گروپ اور فرد سے کوئی وابستگی نہیں ہے، بلکہ ریاست پاکستان سے ہے۔

جسٹس اقبال نے تمام علاقائی بیوروز کو ہدایت کی کہ وہ ہر فرد کی عزتِ نفس کو یقینی بناتے ہوئے انکوائری اور تحقیقات کریں کیونکہ نیب انسان دوست ادارہ ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں