کورونا وبا: ملک میں ایک ہزار 776 نئے کیسز، مزید ایک ہزار 602 مریض صحتیاب

29 دسمبر 2020
ملک میں اموات کی تعداد بڑھ رہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں اموات کی تعداد بڑھ رہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور یومیہ کیسز بدستور ڈیڑھ ہزار اور اموات 50 سے اوپر آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک ہزار 776 مریض اس وائرس کا شکار ہوئے جبکہ 63 مریض انتقال کرگئے تاہم ایک ہزار 602 مریض ایسے تھے جو وبا سے شفایاب بھی ہوگئے۔

یوں ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 75 ہزار 85 ہوگئی جس میں سے 4 لاکھ 25 ہزار 494 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 9 ہزار 992 تک پہنچ گئی ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا اور جون میں اس کا پھیلاؤ عروج پر جا پہنچا تھا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی اور حکومت کی جانب سے دوبارہ تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئیں جبکہ دسمبر میں بھی صورتحال پریشان کن ہے۔

آج 29 دسمبر کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

پاکستان میں اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ سندھ ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 817 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد 2 لاکھ 12 ہزار 93 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 11 مریضوں کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 502 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 522 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 36 ہزار 669 ہوگئی۔

تاہم صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 38 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 3 ہزار 959 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 279 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 57 ہزار 746 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 8 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 617 پر جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 17 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 18 ہزار 99 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور مجموعی اموات کی تعداد 182پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 118 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 37 ہزار 390 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید 5 مریض جاں بحق ہوئے جس کے بعد یہاں اموات 412 تک پہنچ گئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 20 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 8 ہزار 235 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید ایک مریض کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 219 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان

ملک کا سب سے کم متاثر علاقہ گلگت بلتستان ہے اور وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 2 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد وہاں کیسز کی تعداد 4 ہزار 853 تک پہنچ گئی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں کوئی نئی موت نہ ہونے سے وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 101 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 602 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 4 لاکھ 25 ہزار 494 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 475085

صحتیاب: 425494

اموات: 9992

فعال کیسز: 39599

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 12 ہزار 93 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 36 ہزار 669 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 57 ہزار 746 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 99 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 37 ہزار 390 ، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 235 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 853 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 3502

پنجاب:3959

خیبرپختونخوا: 1617

بلوچستان: 182

اسلام آباد: 412

آزاد کشمیر: 219

گلگت بلتستان: 101

تبصرے (0) بند ہیں