سام سنگ نے اپنے 2 انٹری لیول اسمارٹ فون پاکستان میں متعارف کرادیئے ہیں۔

گلیکسی اے سیریز کے ان فونز کو نومبر میں یورپ میں پیش کیا گیا تھا اور اب پاکستان میں متعارف کرایا گیا۔

سام سنگ کی جانب سے یہ فونز 2021 کے لیے گلیکسی اے سیریز کے اولین ماڈلز کے طور پر پیش کیے گئے ہیں۔

ان میں گلیکسی اے 12 اور گلیکسی اے 02 ایس شامل ہیں۔

گلیکسی اے 12

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

گلیکسی اے 12 رواں سال مارچ میں پیش کیے جانے والے گلیکسی اے 11 کی جگہ لے گا جس میں بیٹری اور کیمرا سیٹ اپ کو بہتر بنایا گیا ہے۔

گلیکسی اے 11 میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری تھی مگر نئے فون میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے جس کے ساتھ 15 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ موجود ہے۔

گلیکسی اے 11 میں بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ تھا جو 13 میگا پکسل، 5 میگا پکسل اور 2 میگاپکسل سنسرز پر مشتمل تھا، اس کے مقابلے میں اے 12 میں 4 کیمرے دیئے گئے ہیں۔

مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے جبکہ 5 میگا پکسل الٹرا وائیڈ، 2 میگا پکسل میکرو اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ اس سیٹ اپ کا حصہ ہیں۔

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

گلیکسی اے 12 میں 6.5 انچ کا ایچ ڈی پلس انفٹی وی ڈسپلے دیا گیا جس کے نوچ میں 8 میگا پکسل سیلفی کیمرا چھپا ہے۔

فون کے اندر اوکٹاکور پراسیسر دیا گیا ہے تاہم اس کا نام نہیں بتایا گیا مگر امکان ہے کہ ہیلیو پی 35 ہوسکتا ہے۔

اس کے علاوہ 4 جی بی ریم جبکہ 64 اور 128 جی بی اسٹوریج کے آپشنز موجود ہیں جس کو ایس ڈی کارڈ سے ایک ٹی بی تک بڑھایا جاسکتا ہے۔

اس کے 64 جی بی اسٹوریج والے ماڈل کی قیمت 28 ہزار 999 روپے جبکہ 128 جی بی والا ورژن 32 ہزار 999 روپے میں دستیاب ہوگا۔

گلیکسی اے 02 ایس

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

گلیکسی اے 01 سام سنگ کا سب سے سستا فون ہے جو گزشتہ سال دسمبر میں پیش کیا گیا تھا اور اب اس کا اپ ڈیٹ ماڈل متعارف کرایا گیا ہے۔

گلیکسی اے 02 ایس میں 6.5 انچ ایچ ڈی پلس انفٹنی وی ڈسپلے دیا گیا ہے جس کے ساتھ اوکٹا کور پراسیسر موجود ہے جو کہ ممکنہ طور پر اسنیپ ڈراگون 450 ہوگا۔

اس اسمارٹ فون میں 3 جی بی ریم اور 32 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے جس میں ایس ڈی کارڈ سے ایک ٹی بی تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

فون میں بیک پر 3 کیمرے دیئے گئے ہیں ن میں مین کیمرا 13 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 2 میگا پکسل میکرو اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ سنسر موجود ہے، جبکہ فرنٹ پر 5 میگا پکسل کیمرا ہے۔

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

فون میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری 15 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے، جبکہ گلیکسی اے 01 میں 3000 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی تھی۔

اس فون کی قیمت تو ابھی سامنے نہیں آئی مگر 20 ہزار روپے تک ہونے کا امکان ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں