ملک میں 27 روز بعد کورونا وائرس کے 3 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ

اپ ڈیٹ 14 جنوری 2021
ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 11 ہزار 921 ہوچکی ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 11 ہزار 921 ہوچکی ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا کے کئی ممالک میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے تاہم پاکستان میں ابھی ویکسنیشن کا آغاز نہیں ہوسکا جبکہ وائرس سے متاثر اور انتقال کر جانے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔

سرکاری سطح اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 3 ہزار 97 کیسز سامنے آئے، اس سے قبل 18 دسمبر کو 3 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے تھے جبکہ 46 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تاہم 2 ہزار 284 مریض اس وائرس سے شفایاب بھی ہوئے۔

ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 11 ہزار 921 ہوچکی ہے جس میں سے 91 فیصد یعنی 4 لاکھ 67 ہزار 234 مریض صحتیاب ہوئے جبکہ 10 ہزار 818 زندگی کی بازی ہار گئے اور اب ملک میں 33 ہزار 869 فعال کیسز ہیں۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا اور جون میں اس کا پھیلاؤ عروج پر جا پہنچا تھا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی اور حکومت کی جانب سے دوبارہ تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئیں تھی۔

تاہم دسمبر میں کیسز اور اموات کے سلسلے میں کچھ حد تک کمی دیکھی گئی جس کے بعد ڈیڑھ ماہ کے عرصے میں فعال کیسز میں 15 ہزار تک کی کمی رپورٹ ہوئی۔

آج 14 جنوری کو ملک میں مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

پاکستان میں اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ سندھ ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 769 کیسز کا اضافہ ہوا اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 30 ہزار 718 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 14 مریضوں کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 744 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 767 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 47 ہزار 2292 ہوگئی۔

تاہم صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 25 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 348 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 359 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 62 ہزار 377 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 4 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 752 پر جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 21 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 488 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اس طرح اموات کی مجموعی تعداد 188 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 162 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 39 ہزار 624 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید 2 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 449 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 19 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 8 ہزار 540 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید ایک مریض دم توڑ گیا اور یوں اب تک انتقال کرنے والے مریضوں کی تعداد 236 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا، جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 882 پر برقرار ہے۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت بھی رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 101 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 284 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 4 لاکھ 67 ہزار 234 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 511921

صحتیاب: 467234

اموات: 10818

فعال کیسز: 33869

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 30 ہزار 718 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 47 ہزار 292 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 62 ہزار 377 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 488 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 39 ہزار 624، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 540 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 882 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 3744

پنجاب: 4348

خیبرپختونخوا: 1752

بلوچستان: 188

اسلام آباد: 449

آزاد کشمیر: 236

گلگت بلتستان: 101

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں