ملک کی تمام آبادی کیلئے ویکسین کی فراہمی آسان نہیں ہوگی، ڈاکٹر فیصل سلطان

اپ ڈیٹ 20 جنوری 2021
ان کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین سائنو فارم کی افادیت 80 فیصد ریکارڈ کی گئی---فائل فوٹو: ڈان نیوز
ان کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین سائنو فارم کی افادیت 80 فیصد ریکارڈ کی گئی---فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ڈریپ نے دو کورونا ویکسین کی منظوری دے دی ہے لیکن ملک کی تمام آبادی کے لیے ویکسین کی فراہمی آسان نہیں ہوگی۔

میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے ابتدائی طور پر کورونا ویکسین کی 2 کروڑ خوراکیں حاصل کی جائیں گی۔

مزید پڑھیں: ’حکومت کا عوام کو کورونا وائرس ویکسین مفت فراہم کرنے کا فیصلہ‘

ان کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین سائنو فارم اور کنسائنو کمپنیز سے ویکسین کی فراہمی پر بات جاری ہے جبکہ سائنو فارم کی افادیت 80 فیصد ریکارڈ کی گئی اور یہ ویکسین کئی ممالک میں استعمال ہورہی ہے اور ویکسین کے ٹرائل میں 17 ہزار 500 افراد نے حصہ لیا۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ملک کی تمام آبادی کے لیے ویکسین کی فراہمی آسان نہیں ہوگی۔

انہوں نے عوام تک ویکسین کی فراہمی سے متعلق کہا کہ پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز اور اس کے بعد دیگر طبی عملے اور 65 سال کی عمر کے افراد کو ویکسین کی خوارک دی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا ویکسین کی فراہمی 2021 کی پہلی سہ ماہی تک ہوسکتی ہے، ڈاکٹر فیصل سلطان

ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد 60 سال کی عمر کے افراد اور پھر بتدریج 18 سال کی عمر تک کے افراد کو ویکسین کی خوراک فراہم کی جائیں گی یعنی ویکسین بچوں کو نہیں صرف بالغ افراد کو لگے گی۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے زور دیا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی ویکسین مفت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پرائیوٹ سیکٹر یا صوبائی حکومت پر ویکسین کے حصول کے لیے کوئی پابندی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں ویکسین کی فراہمی شروع ہوجائے گی اور مارچ تک ویکسین کے 10 لاکھ ڈوز فراہمی کے قابل ہوجائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: ملک میں مزید 2 ہزار 46 افراد صحتیاب، فعال کیسز 35 ہزار سے زائد

خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے تاہم گزشتہ چند روز سے یومیہ کیسز کی تعداد میں کچھ حد تک کمی دیکھی گئی ہے تاہم اموات کی تعداد درجنوں میں رپورٹ ہورہی ہے۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار کے حوالے سے قائم کردہ پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید ایک ہزار 772 کیسز سامنے آئے جبکہ 48 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تاہم 2 ہزار 46 لوگ خوش نصیب تھے جو اس وبا سے شفایاب ہوگئے۔

یوں اب تک ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ 24 ہزار 783 ہوگئی جس میں سے 91.2 فیصد یعنی 4 لاکھ 78 ہزار 517 مریض صحتیاب ہوگئے جبکہ اموات کی تعداد 11 ہزار 103 تک پہنچ گئی، اس طرح ملک میں فعال کیسز کی تعداد 35 ہزار 163 رہ گئی۔

یاد رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا اور جون میں اس کا پھیلاؤ عروج پر جا پہنچا تھا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں