قومی بچت کی تمام اسکیموں کی شرح منافع میں اضافہ

اپ ڈیٹ 22 جنوری 2021
رقوم جمع کروانے اور سرمایہ کاری پر نئی شرح کا اطلاق 21 جنوری سے ہوگیا ہے —فائل فوٹو: شٹراسٹاک
رقوم جمع کروانے اور سرمایہ کاری پر نئی شرح کا اطلاق 21 جنوری سے ہوگیا ہے —فائل فوٹو: شٹراسٹاک

اسلام آباد: حکومت نے قومی بچت کی تمام اسکیموں اور سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کے اکاؤنٹس کے شرح منافع پر نظرِ ثانی کرتے ہوئے اضافہ کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق رقوم جمع کروانے اور سرمایہ کاری پر نئی شرح کا اطلاق 21 جنوری سے ہوگیا ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ متعدد نوٹسز کے مطابق ڈیفینس سیونگز سرٹیفکیٹ پر شرح منافع میں 0.93 فیصد اضافہ کر کے اسے 8.49 سے 9.42 فیصد کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: قومی بچت کی مختلف اسکیموں کے شرح منافع میں اضافہ

خیال رہے کہ ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس کی شرح منافع میں یکم جولائی 2018 سے مسلسل اضافہ جاری ہے اور اکتوبر 2019 میں یہ اپنی بلند ترین سطح 13.01 فیصد تک پہنچ گیا تھا۔

اسی طرح بہبود سیونگز سرٹفکیٹ پر شرح منافع 0.96 فیصد اضافے کے بعد 10.32 سے بڑھ کر 11.28 فیصد ہوگئی۔

یکم مئی 2018 کو بہبود سیونگز سرٹیفکیٹ کی شرح منافع 1.08 فیصد تھی جو اکتوبر 2019 میں 14.76 فیصد کی بلند ترین سطح تک پہنچی تھی۔

اسی طرح ریگولر انکم سرٹیفکیٹس کے منافع میں 0.96 فیصد کا اضافہ کیا گیا اور وہ 8.04 فیصد سے بڑھ کر 9 فیصد ہوگیا۔

مزید پڑھیں: قومی بچت اسکیمز کیلئے نامزدگی کا قانون تبدیل

ریگولر انکم سرٹیفکیٹ کی شرح یکم مئی 2018 کو 7.632 فیصد جبکہ یکم جولائی 2019 کو یہ 12.96 فیصد تک جا پہنچی تھی۔

علاوہ ازیں اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس پر شرح منافع میں محض 0.2 فیصد اضافہ کیا گیا جس سے یہ 7.60 کے بجائے 7.80 فیصد ہوگیا۔

مزید برآں پینشنرز بینیفٹ اکاؤنٹس (پی بی اے) پر بھی شرح منافع میں 0.96 فیصد کا اضافہ کیا گیا اور یہ 10.32 فیصد سے بڑھ کر 11.28 فیصد ہوگیا۔

خیال رہے پی بی اے کی نظرِ ثانی شدہ شرح یکم فروری 2015 کو نوٹیفائیڈ کی گئی تھی جس کے بعد سے جنوری 2019 سے جنوری 2020 کے دوران یہ 12 سے 14 فیصد کی بلند ترین شرح کے درمیان بدلتی رہی۔

یہ بھی پڑھیں: آپ کی بچت کے لیے قومی بچت اسکیمیں کیسی رہیں گی؟

اسی طرح شہدا فیملی ویلفیئر اکاؤنٹس کے شرح منافع میں بھی 0.96 فیصد کا اضافہ کر کے اسے 10.23 فیصد سے 11.28 فیصد تک کردیا گیا۔

یکم جولائی 2018 کو اس کی شرح 10.20 فیصد تھی جو یکم جولائی 2019 کو 14.76 کی بلند ترین سطح پر پہنچی تھی۔

دوسری جانب مختصر مدت کے سیونگز سرٹفکیٹس کی شرح منافع میں بھی اضافہ کیا گیا اور 3 ماہ کے سرٹیفکیٹ پر اب 6.60 فیصد کے بجائے 6.76 فیصد اور 6 ماہ کے سرٹیفکیٹس پر 6.80 فیصد کے بجائے 6.82 فیصد منافع ملے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ 12 ماہ کے مختصر مدت کے سیونگز سرٹیفکیٹس پر شرح منافع 6.80 فیصد سے بڑھا کر 6.92 فیصد کردی گئی ہے۔

تاہم سیونگز اکاؤنٹس پر شرح منافع بغیر کسی تبدیلی کے 5.5 فیصد پر برقرار ہے۔


یہ خبر 22 جنوری 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں