وزیر اعظم سے آرمی چیف کی ملاقات، قومی سلامتی سے متعلق تبادلہ خیال

25 جنوری 2021
ایک ماہ میں وزیر اعظم سے آرمی چیف کی یہ تیسری ملاقات تھی — فوٹو: ڈان نیوز
ایک ماہ میں وزیر اعظم سے آرمی چیف کی یہ تیسری ملاقات تھی — فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایک ماہ میں تیسری ملاقات کی۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق عمران خان اور جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں قومی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ ایک ماہ میں وزیر اعظم سے آرمی چیف کی یہ تیسری ملاقات تھی اور تینوں ملاقاتوں میں ڈی جی آئی ایس آئی بھی موجود رہے۔

11 جنوری کو ہونے والی ملاقات میں سانحہ مچھ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس بات کا عزم کیا گیا تھا کہ واقعے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم سے آرمی چیف کی ملاقات،سانحہ مچھ کےذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم

ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی گفتگو کی گئی جبکہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائر کی بھارتی خلاف ورزیوں پر بھی غور کیا گیا۔

قبل ازیں 25 دسمبر کو ملاقات میں سول اور عسکری قیادت نے عوام کے تعاون کے ساتھ ملک کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

اس ملاقات کے دوران پاک فوج کے پیشہ ورانہ معاملات، بیرونی اور اندرونی سیکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم سے آرمی چیف، سربراہ آئی ایس آئی کی ملاقات

ساتھ ہی 'مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا'۔

اس موقع پر لائن آف کنٹرول پر بھارتی سیکیورٹی فورسز کے بلااشتعال جارحانہ اقدامات اور جنگ بندی کی خلاف ورزی پر بھی بات کی گئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں