لاہور: 'بیٹے کی پیدائش کا مطالبہ'، سسرالی رشتہ داروں نے خاتون کو جلا کر قتل کردیا

اپ ڈیٹ 03 فروری 2021
پولیس کے مطابق واقعے کے فوری بعد ملزمان فرار ہوگئے — فائل فوٹو: اے ایف پی
پولیس کے مطابق واقعے کے فوری بعد ملزمان فرار ہوگئے — فائل فوٹو: اے ایف پی

لاہور کے علاقے گجرپورہ میں ‘بیٹے کی پیدائش نہ ہونے پر’ سسرالی رشتہ داروں نے دو بچوں کی ماں کو مبینہ طور پر جلا کر قتل کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں واقعے کے درج مقدمے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 30 سالہ صبا کے جسم اور خاص طور پر گردن پر تشدد کے نشانات موجود تھے۔

پولیس نے مقتولہ کے شوہر جہانگیر اور دیور سلیم، ساس نیلو بیگم جبکہ ایک اور سسرالی عزیز شبیر عرف بابو کو مقدمے میں نامزد کیا ہے۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی: سسرال سے خاتون کی پھندا لگی لاش برآمد

پولیس کو درج کروائی گئی شکایت میں قتل کے محرکات کے حوالے سے مقتولہ کے بھائی عابد علی نے بتایا کہ ان کی بہن کی شادی 4 سال قبل جہانگیر سےہوئی تھی اور ان کی دو بیٹیاں ہیں، جن میں سے ایک کی عمر 4 ماہ ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی بہن کی نندوں نے بیٹے کی پیدائش کا مطالبہ کیا تھا اور وہ ان کی بہن کو بیٹیوں کی پیدائش پر اکثر ملامت کرتی تھیں، انہوں نے مزید بتایا کہ سسرالی عزیز ان کی بہن کو اکثر ہراساں کرتے تھے اور خاندان کے بزرگوں کی مداخلت پر معاملہ حل ہوتا تھا۔

مقتولہ کے بھائی نے بتایا کہ پیر کی رات بہن کے سسرال کی جانب سے کال کرکے ان کی بہن کے جھلس جانے کی خبر دی گئی جس کے بعد ان کے بھائی قاسم اور ان کا ایک دوست ذیشان وہاں پہنچے۔

انہوں نے بتایا کہ جب وہ گھر پہنچے تو ان کی بہن کی حالت تشویشناک تھی اور اس کے چہرے اور گردن پر تشدد کے نشانات موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: شیخوپورہ: سسرالی رشتہ داروں کے سامنے نوبیاہتا دلہن کا گینگ ریپ

عابد علی نے مزید بتایا کہ انہوں نے بہن کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ خاتون کے انتقال کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے اور ان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔


یہ خبر 3 فروری 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں